پنجاب سیڈ کارپوریشن کے تمام پلانٹس کو سولر پینل پر منتقل کر دیا گیا ۔کام مزید بہتر ہوجائے گا، ایم ڈی سیڈ کارپوریشن علی ارشد رانا

Shahid Nazir Ch شاہد نذیر چودھری جمعہ 27 دسمبر 2024 14:42

پنجاب سیڈ کارپوریشن کے تمام پلانٹس کو سولر پینل پر منتقل کر دیا گیا ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 دسمبر 2024) مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن، علی ارشد رانا، کو پی ایم یو کے ڈائریکٹر شابی حسن نے پراجیکٹ کے تحت ہونے والی اب تک کی پیش رفت پر جامع بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈی ایم ڈی شمشاد اصغر وڑائچ، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز شاہد قادر، پی ایس او عامر سہیل بھٹی اور دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔ بریفنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی ارشد رانا نے کہا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن محکمہ زراعت میں کلیدی کردار ادا کرنے والا ادارہ ہے اور اسے مزید مضبوط اور فعال بنانے کے لیے مربوط اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ادارے میں بے پناہ امکانات موجود ہیں، اور پی ایم یو کے تحت گندم، مکئی، مونجی، کپاس اور دیگر فصلوں کے بیسک سیڈ کی تیاری بھرپور انداز میں جاری ہے۔

(جاری ہے)

مقررہ اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے 2026 تک مؤثر حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔ ایم ڈی نے مزید بتایا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن کے تمام پلانٹس کو سولر پینل پر منتقل کر دیا گیا ہے، جس سے توانائی کے مسائل کا مؤثر حل ممکن ہوا ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سول ورکس کا کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہے، اور جلد ہی میڈیا کو اس حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ علی ارشد رانا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن اور پی ایم یو کو مزید مؤثر اور فعال بنایا جائے گا تاکہ ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں اس ادارے کا کردار مزید نمایاں ہو۔

متعلقہ عنوان :