پائیدار امن کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جائیں،اسلم فاروقی

ملک و نئی نسل کی بقا کیلئے حکمران اپنی آئینی ذمہ داری سے نظریں چرانا بند کریں،چیئرمین ایم کیوایس سی

اتوار 5 جنوری 2025 20:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جنوری2025ء)بانیان پاکستان کی اولادوں کی تنظیم محب قومی سماجی کونسل (ایم کیو ایس سی)پاکستان کے چیئرمین و محب وطن سماجی رہنما محمد اسلم خان فاروقی نے لوئر کرم میں سرکاری مذاکراتی ٹیم کی گاڑیوں کے قافلے پر فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے اور ڈپٹی کمشنر سمیت 6 افراد کو زخمی اور امن کو سبوتاژ کرنے کو سازش قرارار دیا ہے اور کہا یے کہ پائیدار امن کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جائیں، گرینڈ جرگے کے معاہدے کے مطابق کرم میں حالات معمول پر لائے جائیں ملک نازک موڑ پر کھڑا ہے معمولی سی غلطی سے بھی ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے دشمن گھات لگائے بیٹھا ہے اور کوئی بھی موقعہ ہاتھ سے جانے نہیں دے گا وقت کا تقاضا ہے کہ ملک میں فرقہ واریت کی آگ کو بڑھکنے سے روکا جائے ملک فرقہ وارانہ فسادات کا قطعی متحمل نہیں ہے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پائیدار امن اور استحکام ملک و نئی نسل کی بقا کے لیے انتہائی ناگزیر ہے حکمران اپنی آئینی ذمہ داری سے نظریں چرانا بند کریں۔