چارسدہ ، نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی کار پر فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید محکمہ صحت کا ملازم شدید زخمی

افسوس ناک واقعہ چارسدہ سٹی پولیس سٹیشن کی حدود میں غنی جان روڈ پرپیش آیا جہاں موٹرسائیکل پر سوار نامعلوم حملہ آوروں نے ایک کار کو نشانہ بنایا، جاں بحق اہلکار کی نعش اور زخمی کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 30 اپریل 2025 13:15

چارسدہ ، نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی کار پر فائرنگ سے پولیس اہلکار ..
چارسدہ(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30اپریل 2025)خیبرپختونخواہ کے علاقے چارسدہ میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی کار پر فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید جبکہ محکمہ صحت کا ملازم شدید زخمی ہوگیا، جاں بحق اہلکار کی نعش اور زخمی کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ،بتایا گیا ہے کہ افسوس ناک واقعہ چارسدہ سٹی پولیس سٹیشن کی حدود میں غنی جان روڈ پرپیش آیا جہاں موٹرسائیکل پر سوار نامعلوم حملہ آوروں نے ایک کار کو نشانہ بنایا نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے اچانک فائرنگ کر دی جس سے پولیس اہلکارموقع پرہی دم توڑگیا۔

پولیس اہلکار فاروق کی لاش اور زخمی سرکاری ملازم کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ نامعلوم ملزمان کی فائرنگ کے دوران کار میں سوار محکمہ صحت کا ایک ملازم بھی گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گیا جب کہ واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی تلاش کیلئے پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

شہید ہونے والے پولیس اہلکار کی شناخت فاروق کے نام سے ہوئی ہے، جو نیب آفس میں ڈیوٹی پر تعینات تھا۔

فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حملہ آوروں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی نوعیت کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور مختلف پہلووں سے تفتیش جاری ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل پشاور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے خاتون پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئیں تھیں۔

پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے پیٹرول پمپ کے قریب فائرنگ کی تھی۔ مقتول لیڈی کانسٹیبل چارسدہ میں تعینات تھی۔فائرنگ کا واقعہ پشاور کے تھانہ شاہ پور کی حدود میں پیش آیا ہے۔پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی خاتون کے قتل کے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی گئیں تھیں۔قبل ازیں پشاور کے تھانہ پھندو کی حدود میں ایک اور فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔پولیس کا کہنا تھا کہ شادی ہال سے جاتے ہوئے گاڑی پر فائرنگ کی گئی تھی فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ لگتا تھا جس کی تحقیقات کی جارہی تھیں۔