Live Updates

پولٹری صنعت میں مصنوعی قیمتیں مقرر کرنے کے الزامات، 8 بڑی ہیچریوں کیخلاف کارروائی 15 کروڑ جرمانہ عائد

ان ہیچریوں نے کارٹل بنا کر ڈے اولڈ چوزے کی قیمت میں 346 فیصد تک غیر فطری اضافہ کیا جس کا براہ راست اثر چکن کی قیمتوں پر بھی پڑا، کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 30 اپریل 2025 13:00

پولٹری صنعت میں مصنوعی قیمتیں مقرر کرنے کے الزامات، 8 بڑی ہیچریوں کیخلاف ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30اپریل 2025)کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان نے پولٹری صنعت میں مصنوعی قیمتیں مقرر کرنے کے سنگین الزامات پر 8 بڑی ہیچریوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے 15 کروڑ روپے جرمانہ عائد کر دیا ،لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد کمپیٹیشن کمیشن نے شوکاز نوٹسز پر کارروائی مکمل کی اور جرمانے عائد کئے،آج نیوز کے مطابق کمیشن کاکہنا ہے کہ ان ہیچریوں نے کارٹل بنا کر ڈے اولڈ چوزے کی قیمت میں 346 فیصد تک غیر فطری اضافہ کیا جس کا براہ راست اثر چکن کی قیمتوں پر بھی پڑا۔

کمیشن کے مطابق یہ ہیچریز ایک باقاعدہ کارٹل کے طور پر کام کر رہی تھیں جو پنجاب، ملتان اور کراچی سمیت مختلف علاقوں میں یومیہ نرخ خود طے کرتیں۔ چوزے کی قیمت 17.92 روپے سے بڑھ کر 79.92 روپے تک جا پہنچی جو مارکیٹ میں مصنوعی قلت اور مہنگائی کا سبب بنی۔

(جاری ہے)

تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ ہیچریز نے روزانہ کی بنیاد پر ایک واٹس ایپ گروپ چک ریٹ اناونسمنٹ کے ذریعے چوزوں کی قیمتیں طے کیں۔

مقامی کمپنی کے مارکیٹنگ مینیجر اس گروپ میں نئی قیمتیں جاری کرتے رہے اور صرف واٹس ایپ اور ٹیکسٹ میسج کے ذریعے 198 بار قیمتیں طے کی گئیں۔جن میں 108 بار ٹیکسٹ میسج اور 87 بار واٹس ایپ پر قیمتیں شیئر کی گئیں۔دو پولٹری فارمز نے کمیشن کی کارروائی کے خلاف حکم امتناع لے رکھا تھا تاہم لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد کمپیٹیشن کمیشن نے شوکاز نوٹسز پر کارروائی مکمل کی اور جرمانے عائد کئے۔

کمپیٹیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر سدھو نے اس موقع پر خبردار کیا ہے کہ کوئی بھی تجارتی تنظیم اگر قیمتوں کے گٹھ جوڑ میں ملوث پائی گئی تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ڈاکٹر سدھو نے عوام اور اسٹیک ہولڈرز سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی بھی کارٹل یا مصنوعی قیمت سازی کی سرگرمی کا علم ہو تو وہ فوری طور پر کمیشن کو اطلاع دیں تاکہ منافع خوروں کے خلاف بروقت اور موثر کارروائی کی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ تجارتی ایسوسی ایشنز کا مقصد صرف اپنے اراکین کی فلاح اور انڈسٹری کی بہتری ہونا چاہیے نہ کہ مارکیٹ کو یرغمال بنانا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات