جے شاہ کی ٹیسٹ کرکٹ پر حکمرانی کی نئی چال، کرکٹ میں ایک بار پھر بگ تھری پر مشتمل منصوبہ بنانے پر غور

بھارت سے تعلق رکھنے والے آئی سی سی کے سربراہ جے شاہ نئی تجویز کے لیے متحرک ہوگئے : آسٹریلوی میڈیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 6 جنوری 2025 11:43

جے شاہ کی ٹیسٹ کرکٹ پر حکمرانی کی نئی چال، کرکٹ میں ایک بار پھر بگ تھری ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6 جنوری 2024ء ) بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ نے ٹیسٹ کرکٹ کو اپنےہاتھوں میں لینے کا منصوبہ بنا لیا، میڈیا رپورٹس کے مطابق تینوں بورڈ نے ایک دوسرے کے ساتھ بارڈر گواسکرٹرافی کی طرز پر زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ سیریز کھیلنے کا پلان بنا لیا۔ 
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی چیئرمین جے شاہ، کرکٹ آسٹریلیا چیئرمین مائیک بیئرڈ اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رچرڈ تھامپسن کے درمیان اس ماہ کے آخر میں ملاقات کا امکان ہے ۔

اس ملاقات میں ٹیسٹ کرکٹ کے دو رویہ اسٹرکچر ایجنڈے میں شامل ہے۔ 
ٹیسٹ کرکٹ میں 2 ڈویژن کا پلان موجودہ 2027ء تک کے ایف ٹی پی کے بعد عمل میں لایا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ اسٹرکچر میں تبدیلی سے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ مزید ایک اور سائیکل تک جاری رہ سکے گی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پر انگلینڈ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس پہلے ہی تنقید کر چکے ہیں۔

 
کرکٹ کی کچھ سینئر شخصیات نے بھی بہترین ٹیموں کا ایک دوسرے سےزیادہ مقابلوں پر زور دیا ہے ۔
دو رویہ ٹیسٹ کرکٹ کا پلان 2016ء میں آئی سی سی میں زیربحث آیا تھا۔ 2016ء کے پلان کے مطابق 7 ملک ٹاپ ڈویژن جبکہ 5 سیکنڈ رینک میں مقابلہ کریں گے۔ 
2016ء میں تب بھارتی کرکٹ بورڈ نے دورویہ سسٹم کےخلا ف ووٹ دیا تھا ۔ 2016ء میں بی سی سی آئی کا مؤقف تھا کہ دو رویہ سسٹم سے چھوٹے بورڈز کا مالی نقصان ہو گا۔ 
بگ تھری کے درمیان زیادہ کرکٹ سے براڈ کاسٹرز کے بھی مفادات جڑے ہیں اور براڈ کاسٹرز بھی چاہتے ہیں کہ تینوں ملکوں کے درمیان زیادہ سے زیادہ میچز ہوں۔ براڈ کاسٹرز کا کہنا ہے کہ جتنے زیادہ میچز ہوں گے اُتنا زیادہ اچھا ہے۔