فیصل آباد، تین بھائیوں کے قتل اور ان کے کزن کے شدید زخمی ہونے کی لرزہ خیز واردات نے پولیس کے ناقص حفاظتی انتظامات کا پول کھول دیا

پیر 6 جنوری 2025 19:54

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جنوری2025ء)تھانہ صدر تاندلیانوالہ کی حوالات میں بند تین بھائیوں کے قتل اور ان کے کزن کے شدید زخمی ہونے کی لرزہ خیز واردات نے پولیس کے ناقص حفاظتی انتظامات کا پول کھول دیا‘مخالفین کے ہاتھوں تھانے کی حوالات میں مارے جانیوالے ملزمان تھانہ سٹی تاندلیانوالہ کے علاقہ میں 3 افراد کے قتل کے مقدمہ میں ملوث تھے‘حوالات میں قتل ہونیوالے تینوں بھائیوں پر مخالفین کے حملے کا خدشہ تھا جس کے باعث انہیں تھانہ سٹی کی بجائے تھانہ صدر میں رکھا گیا مگر وہاں سکیورٹی کیوں نہ لگائی گئی‘پولیس کی کارکردگی عام لوگوں میں بھی زیر بحث بن گئی‘آن لا ئن کے مطابق تہرے قتل کے واقعہ میں ملوث ملزمان تین بھائیوں بلال،عثمان ،ناصر اور انکے کزن آصف کو گرفتار کرکے تھانہ صدر تاندلیانوالہ کی حوالات میں بند کیا گیا‘ ملزمان پر تھانہ سٹی تاندلیانوالہ کی حدود میں تین افراد کے قتل کا مقدمہ درج ہے مگر انہیں مخالفین کے حملے کے خدشہ کو مد ِ نظر رکھتے ہوئے تھانہ سٹی کی بجائے تھانہ صدر تاندلیانوالہ رکھا گیا مگر مخالفین سیڑھیاں لگا کر تھانہ صدر میںداخل ہوگئے اور انہوں نے وہاں شدید فائرنگ کرکے حوالات میں بند تین بھائیوں بلال‘عثمان‘ناصر کو قتل اور ان کے کزن آصف کو شدید زخمی کردیا‘اس واقعہ نے پولیس کے ناقص حفاظتی انتظامات کا پول کھول دیا اور یہ بات لمحہ فکریہ ہے کہ لوگ اگر تھانوں اور حوالاتوں میں بھی محفوظ نہیں ہیں تو پھر عام مقامات پر کیا صورتحال ہوگی۔

(جاری ہے)

پولیس کو پہلے خدشہ تھا کہ تھانہ کی حوالات میں بند ملزموں پر انکے مخالفین قاتلانہ حملہ کرسکتے ہیں مگر اس کے باوجود وہاں سکیورٹی نہ لگانا حیران کن ہے۔تھانے پر حملہ کرنیوالے ملزمان نے وہاں شدید فائرنگ کی اور تہرے قتل کی واردات کے بعد فرار ہونے بھی کامیاب ہوگئے۔اعلیٰ پولیس حکام اس واقعہ کا سخت نوٹس لیں اور آئندہ ایسے واقعات کے سدباب کو یقینی بنایاجائے۔