محکمہ زراعت کی جانب سے سورج مکھی کی بہاریہ کاشت کا شیڈول جاری

بدھ 8 جنوری 2025 14:02

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2025ء) محکمہ زراعت نے سورج مکھی کی کاشت کے ضمن میں صوبہ کو 3 کاشتہ و پیداواری حصوں میں تقسیم کر کے ہر حصہ کیلئے سورج مکھی کی بہاریہ کاشت کا شیڈول جاری کیا ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل ۱ٓبادحافظ عدیل احمدنے بتایاکہ پہلے حصہ میں بہاولپور،رحیم یار خان، خانیوال ، ملتان، وہاڑی اور بہاولنگرمیں سورج مکھی کی کاشت کا وقت 31جنوری تک مقرر کیا گیا ہے جبکہ دوسرے حصہ میں مظفر گڑھ، ڈیرہ غازی خان،لیہ، لودھراں، راجن پوراور بھکر کے ا ضلاع میں سورج مکھی کی کاشت کاوقت10جنوری سے10فروری تک اور تیسرے حصہ میں میانوالی، سرگودھا، خوشباب، جھنگ، ساہیوال، اوکاڑہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، گوجر انوالہ، لاہور، منڈی بہاؤالدین،قصور،شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، نارووال، اٹک، ر ا ولپنڈی، گجرات،چکوال میں سورج مکھی کی کاشت کا وقت25جنوری سے فروری کے آخر تک ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کاشتکار سورج مکھی کی کاشت کیلئے اچھے اگاؤ والے صاف ستھرے دوغلی(ہائبرڈ) اقسام کے بیج کی فی ایکڑ مقدار 2تا اڑھائی کلوگرام رکھیں۔ انہوں نے بتایاکہ سورج مکھی کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے موزوں وقت پر کاشت انتہائی ضروری ہے کیونکہ تاخیر سے کاشت کی صورت میں نہ صرف سورج مکھی کی فی ایکڑ پیداوار بلکہ تیل کی مقدار میں بھی کمی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ چونکہ اب کماد کی کٹائی کے بعد گندم کاشت نہ کی جا سکتی ہے اسلئے کاشتکار سورج مکھی کاشت کر کے بھر پور مالی منافع کما سکتے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ سورج مکھی کے کاشتکاروں کوسبسڈی بھی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ کاشتکارکماد کی فصل کے بعد بہاریہ سورج مکھی کاشت کر کے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔\932