�ال بعد برٹش جونیئر اوپن سکوائش چمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنے والے سہیل عدنان لاہور پہنچ گئے

سیکرٹری داخلہ ، چیئرمین پنجاب سکوائش ایسوسی ایشن نور الامین مینگل نے سہیل عدنان نے استقبال کیا

جمعہ 10 جنوری 2025 20:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جنوری2025ء)18سال بعد برٹش جونیئر اوپن سکوائش چمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنے والے سہیل عدنان لاہور پہنچ گئے۔سیکرٹری داخلہ پنجاب و چیئرمین پنجاب سکوائش ایسوسی ایشن نور الامین مینگل نے سہیل عدنان نے استقبال کیا۔پنجاب سکوائش کمپلیکس میں چمپئن سہیل عدنان کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیاگیا جس میں سہیل عدنان کے والدین، اہل خانہ، کوچز اور عہدیداران نے شرکت کی ۔

سہیل عدنان نے کہا کہ ٹف میچز کھیل کر مزہ آیا اور جیت کر بہت خوشی ہے، 18 سال بعد چمپئن شپ جیت کر پاکستان کے نام کرتا ہوں، والدین، کوچز، سپورٹس ایسوسی ایشن کی مدد پر شکر گزار ہوں، مستقبل میں مزید محنت سے پاکستان کیلئے اعزازات لانا چاہتا ہوں۔ نور الامین مینگل نے کہا کہ سہیل عدنان نے بڑا کارنامہ سر انجام دیا، برٹش اوپن جیتنا ورلڈ چمپئن شپ جیسا ہے، دنیا کے ایک ہزار بہترین کھلاڑیوں کے مقابلے میں اول پوزیشن پاکستان کیلئے عظیم اعزاز ہے، سکوائش لیجنڈز جہانگیر خان، جان شیر خان کے بعد سہیل عدنان جیسے نوجوان پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سہیل عدنان کے والدین نے کہاکہ سہیل عدنان کی طرح چاروں بچے سکوائش کھیل رہے ہیں اور ملک کا نام روشن کریں گے۔ صدر پنجا ب سکوائش ایسوسی ایشن نے کہا کہ سکواش ایسوسی ایشن میں 10 سے 13 سال کے کھلاڑیوں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت اور مالی معاونت فراہم کر رہے ہیں۔