Live Updates

اوورسیز پاکستانیوں سے ترسیلات زر روکنے کی اپیل کا اثر اگلے دو تین ماہ میں نظر آئےگا

2022 میں پی ٹی آئی دور میں ترسیلات زر 32 ارب ڈالر جبکہ 2024 میں کم ہوکر 27ارب ڈالررہ گئے، ابھی تو اوورسیز پاکستانیوں کو عمران خان کی کال بھی جاچکی ہے، سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 10 جنوری 2025 21:28

اوورسیز پاکستانیوں سے ترسیلات زر روکنے کی اپیل کا اثر اگلے دو تین ماہ ..
پشاور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 10 جنوری 2025ء ) سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں سے ترسیلات زر روکنے کی اپیل کا اثر اگلے دو تین ماہ میں نظر آئے گا، 2022 میں پی ٹی آئی دور میں ترسیلات زر 32 ارب ڈالر جبکہ 2024 میں کم ہوکر 27ارب ڈالررہ گئے۔ انہوں نے مشیر خزانہ خیبرپختونخواہ مزمل اسلم کے ہمراہ نیوزکانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں سے ترسیلات زر روکنے کی اپیل کا اثر اگلے دو تین ماہ میں نظر آئے گا، مالی سال 2022 میں ترسیلات زر32 ارب ڈالر تھیں، جبکہ 2024 میں 27 ارب ڈالر رہی ہیں، ابھی تو اوورسیز پاکستانیوں کو عمران خان کی کال جاچکی ہے، دو تین ماہ میں پتا چل جائے گا کہ اس پر کیا اثر پڑتا ہے۔

مالی سال 2022 میں شرح نمو 6.5 فیصد، جبکہ 2024 میں 2.4 فیصد سے کم رہی ہے۔

(جاری ہے)

ایکسپورٹ 2022 میں ہمارے دور میں 31 بلین ڈالر اور 2024 میں ان کے دور میں 26.5 بلین ڈالر کی تھیں۔ اگر ڈالر کا ریٹ دیکھیں تو 2022 میں پی ٹی آئی کے دور میں ڈالر 178 روپے کا تھا، جبکہ 2024 میں ان کے دورمیں 278 روپے تک پہنچ گیا تھا، جب کہ ان کے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کہتے ہیں کہ معیشت بڑی اچھی سمت میں جارہی ہے۔

ہمارے دور میں کریڈٹ ریٹنگ بی تھری تھی، آج ان کے دور میں سی اے اے ٹو ہے۔ ان کے دور میں کریڈٹ ریٹنگ مزید بہتر ہونی چاہیئے تھی ، کریڈٹ ریٹنگ بی تھری کی بجائے بی ٹو ہونی چاہئے تھی۔ 2022 میں غربت کی شرح 35 فیصد جبکہ ان کے دور میں 45 ہوگئی ہے۔ ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق ایک کروڑ 30 لاکھ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے چلیں گئے ہیں۔ پی ٹی آئی دور میں فی کس آمدنی 18سو ڈالر جبکہ آج 2024 میں 15سو ڈالر ہے۔ ہمارے دور میں جی ڈی پی سائز 400 بلین اور ان کے دور میں آج ساڑھے تین سو بلین ہے۔شرح سود ہمارے دور میں 11.7 فیصد ہے جبکہ یہ کہتے ہیں آج ہم 22 فیصد سے13فیصد لے کر آئے ہیں۔آج بھی ہمارے دور کی نسبت شرح سود زیادہ ہے۔ ڈسکوز ، ریلویز، یوٹیلیٹی کارپوریشنز، سب کو دیکھ لیں خسارے میں ہیں۔ 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات