جمعیت طلباء اسلام نے شرعی نظام کے نفاذکے لئے تعلیمی اداروں میں دین کی بہتر انداز میں خدمت کی،مفتی فضل غفور

ہفتہ 11 جنوری 2025 20:16

ملاکنڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2025ء) جمعیت علماء اسلام کے صوبائی نائب امیر مفتی فضل غفور اور ضلعی جنرل سیکرٹری ملاکنڈ مولانا سلمان تاثیر خان نے کہا ہے کہ جمعیت طلباء اسلام نے ہمیشہ ملک میں شرعی نظام کے نفاذکے لئے اپنے اکابرین کے نقش قدم پر چل کر تعلیمی اداروں میں دین کی بہتر انداز میں خدمت کی ہے جس کی وجہ سے آج پورے دنیا میں دینی مدارس کے طلباء دینی و عصری خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

نوجوان نسل ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہے جنہیں کسی صورت ضایع نہیں ہونے دینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت طلباء اسلام ملاکنڈکے زیر اہتمام پیغام طلباء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس سے جمعیت طلباء اسلام ملاکنڈ کے عہدیداروں اور جمعیت علماء اسلام کے دیگر دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مولانا سلمان تاثیر خان اور مفتی فضل غفور نے کہا کہ آج پاکستان کو سیاسی، معاشی اور دینی مدارس کے حوالہ سے چیلنجز کا سامنا ہے لیکن اللہ کا خصوصی فضل ہے کہ آج مولانا فضل الرحمان اوردیگر اکابرین کی شکل میں دینی مدارس کی خدمت کرنے والے اور ملک کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی، فلاحی اور معاشی لحاظ سے مضبوط پاکستان بنانے کے لئے دور اندیش قائدین موجود ہیں اور جمعیت طلباء اسلام کو فخر ہے کہ وہ ایسے قائدین کی پیروکار بن کر طاغوتی قوتوں کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج پورے دنیا کے صیہونی اورطاغوتی قوتیں مسلمانوں پر مظالم ڈھانے کے لئے متحد ہو چکے ہیں اور انبیائے کرام کی سرزمین فلسطین کے مسلمانوں پر گولیوں کی بارش کر رہے ہیں جس سے معصوم شہری لقمہ اجل بن رہے ہیں اور اقوام متحدہ سمیت پورے دنیا کے حکمران خاموش تماشائی بن گئے ہیں اس لئے موجودہ حالات میں جمعیت طلباء اسلام کے کارکنوں اور قائدین کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں کہ آگے آکر اپنے فلسطینی بھائیوں کی جانی ومالی مدد کریں اور دُنیا کو دکھائے کہ پورے دنیا کے مسلمان ایک جسم کے مانند ہیں ۔\378