Live Updates

ٖ190 ملین پاؤنڈ کیس کے فیصلے نے عمران خان کی صداقت و امانت کے پرخچے اڑ ا دیے، عظمیٰ بخاری

‘عدالتوں کی جانب سے تمام تر شواہد کو نظر انداز کر کے ریلیف دینے کی باتیں کرنے والوں کا نوٹس لیا جانا چاہیے، میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 18 جنوری 2025 18:05

۷ لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جنوری2025ء) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈز اسکینڈل کے فیصلے نے عمران خان کی صداقت و امانت کے پرخچے اڑا دیے ہیں۔کہتے تھے چاہتے ہیں کیس کا فیصلہ آجائے، اب رونا دھونا کیوں کررہے ہیں۔ عدالتوں کی جانب سے تمام تر شوائد کو نظر انداز کر کے ریلیف دینے کی باتیں کرنے والوں کا نوٹس لیا جانا چاہیے ۔

پریس کانفرس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کیس کو بار بار موخر کیا جاتا رہا، نیب کے وکیل کو جرح مکمل کرنے کے لیے 35 سماعتیں کرنا پڑی، کہتے تھے ہم چاہتے ہیں کیس کا فیصلہ آجائے، اب رونا دھونا کیوں کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی لیڈران کل شاہد خاقان عباسی کے ساتھ کھڑے قہقہے لگا رہے تھے، لگ نہیں رہا تھا کہ ان کے لیڈر کو سزا ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اپنے وزرا نے کہا کابینہ کی کارروائی ساڑھے 3 منٹ میں مکمل ہوئی اور ہم بند لفافے کی منظوری دے کر باہر آگئے، ان کے اپنے وزرا اس کے گواہ ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس کیس کے دوسرے فریق پراپرٹی ٹائیکون کے بارے میں عمران خان بڑے اچھے اچھے جملے فرمایا کرتے تھے، پراپرٹی ٹائیکون کے ساتھ ڈیل کے مرکزی کردار فرح گوگی اور شہزاد اکبر ہیں۔

ڈیل کے بدلے میں انہوں نے 4 سو کنال کی زمین لی، القادر کے اکاونٹ میں ساڑھے 25 کروڑ روپے کا کیش ٹرانسفر کروایا گیا، 28 کروڑ 40 لاکھ کی بلڈنگ بنائی گئی، 51 لاکھ روپے کا فرنیچر مانگا گیا، فرح گوگی کے نام پر زمین اس کے علاوہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے برعکس حسین نواز اور حسن نواز کو این سی اے سے کلین چٹ ملی تھی، یہ اعلیٰ عدالتوں پر کیسے الزام لگاسکتے ہیں کہ وہ تمام تر شواہد نظرانداز کرکے ان کو ریلیف دیں گی۔ مجھے ان کے اس دعوے پر خدشہ ہے اور عدلیہ کو بھی اس کا نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ شہزاد اکبر کہتے تھے کہ ہم فلاں شخص کو واپس لائیں گے آج خود ان کی باری آئی ہے، حکومت ان تمام ملزمان کو واپس لانے کے لیے کوشش کرے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات