زرعی شعبے کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے،ڈائریکٹر زراعت

بدھ 22 جنوری 2025 14:25

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2025ء) ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آبادچوہدری خالد محمودنے کہا کہ زرعی شعبے کی ترقی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے کیونکہ زراعت کا شعبہ ملکی آبادی کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے علاوہ صنعتوں کیلئے خام مال بھی مہیا کرتا ہے اسلئے زرعی شعبے کی ترقی کواولین ترجیح دی جارہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی مجموعی زرعی پیداوار میں 70 فیصد کپاس،76فیصدگندم،81 فیصدچاول،49فیصد کماداور 65فیصد آم کا حصہ صوبہ پنجاب سے حاصل ہوتا ہے تاہم بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات پوری کرنے کیلئے زرعی پیداوار میں اضافہ کرنا بیحد ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبہ میں فی ایکڑ زیادہ پیداوار کیلئے متواز کھادوں کا استعمال انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ کھادیں کسی بھی فصل میں موجود غذائی عناصر کی کمی کو پورا کرتی ہیں اور پودوں کو صحتمند اور توانا رکھتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ متوازن کھادوں کے استعمال سے مراد زمین اور فصل کی غذائی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے فصل کیلئے ایک بیلنس غذائی پیکج ہے جس سے نہ صرف فصل بیماری سے محفوظ رہتی ہے بلکہ کیڑوں کے حملہ میں بھی زیادہ قوت مدافعت رکھتی ہے اور ہماری فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی فصل کیلئے کھادوں کا استعمال اپنی زمین کے مٹی و پانی کے تجزیہ کی روشنی میں کرنا چاہیے تاکہ ہمارے علم میں ہو کہ زمین میں کون سے عناصر کبیرہ و صغیرہ کی کمی ہے اور پھراس کمی کو فصل کے مطابق کیسے پورا کیا جانا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحقیق سے یہ بات ثابت ہے کہ ہر کھاد ایک خاص کام کرتی ہے، نائٹروجنی کھادوں کے استعمال سے فصلوں کے قد میں اضافہ ہوتا ہے جبکہ فاسفورسی کھادیں پودوں کی جڑوں کو بڑھاتی اور مضبوط کرتی ہیں جس سے انکی پیداوارمیں اضافہ ہوتا ہے۔اسی طرح پو ٹاش کھادیں پودوں کو صحتمند اور بیماریوں سے محفوظ رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کھادوں کے متوازن استعمال سے فصلیں صحتمند ہونے کی وجہ سے پانی کی کمی، کورے کے مضر اثرات اور گرنے سے محفوظ رہتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :