یونیورسٹی آف سرگودھا کے6 سکیورٹی گارڈز کی ریٹائرمنٹ پر اُنکے اعزاز میں تقریب کا انعقاد

بدھ 22 جنوری 2025 18:20

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا کے چھ سکیورٹی گارڈز مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد ریٹائرڈ ہوگئے۔ اس سلسلے میں وائس چانسلر میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں ریٹائرڈ ہونے والے سکیورٹی گارڈز کو وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے یادگاری شیلڈز پیش کیں اور ان کی یونیورسٹی کے لئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یٰسین، رجسٹرار یونیورسٹی وقار احمد، چیف سکیورٹی آفیسر کرنل (ر) اشتیاق احمد، سکیورٹی آفیسر شکیل ناظم اور سکیورٹی سپر وائزر وحید خٹک بھی موجود تھے۔ مدت ملازمت پوری کرنے والے سکیورٹی گارڈز میں واجد علی، محمد ریاض، محمد رمضان، محمد مختار، عبدالغفور اور محمد بخش شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے یونیورسٹی سیکیورٹی گارڈز کو کامیابی سے مدت ملازمت پوری کرنے پر اُن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرگودھا یونیورسٹی کی سکیورٹی اور نظم و ضبط ہمارے محنتی گارڈز کی وجہ مثالی اور غیر معمولی ہے جو اپنے فرائض انتہائی محنت اور ایمانداری سے سرانجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے گارڈز سخت ترین حالات میں بھی اپنے فرائض احسن طریقے سے سرانجام دیتے ہیں۔ وائس چانسلر نے کہا کہ جہاں یونیورسٹی نے تعلیمی و تحقیقی شعبہ جات کو اپ گریڈ کیا ہے وہاں سکیورٹی ونگز کو بھی جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کردیا ہے اور اس وقت یونیورسٹی میں باقاعدہ تربیت یافتہ اور چاک و چوبند گارڈز اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی باقاعدہ اپنے ملازمین کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن اقدام کررہی ہے اور میرٹ و قانون پر عمل کرتے ہوئے ہم نے کنٹریکٹ یونیورسٹی گارڈز کی سروس کو دیگر کنٹریکٹ ملازمین کی طرح ریگولر کیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی گارڈز نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیں باقاعدہ اپنے دفتر میں مدعو کیا اور ہمیں خراج پیش کیا جس کے لئے ہم ان کے تہہ دل سے ممنون ہیں۔

متعلقہ عنوان :