34 ٹیسٹ اننگز کے بعد بہترین اوسط، سعود شکیل نے 63 سالہ قومی ریکارڈ توڑ دیا

29 سالہ بیٹر دسمبر 2022ء میں اپنے ڈیبیو سے اب تک 18 میچز کی 34 اننگز میں 52.03 کی اوسط سے 1613 رنز سکور کرچکے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 23 جنوری 2025 16:11

34 ٹیسٹ اننگز کے بعد بہترین اوسط، سعود شکیل نے 63 سالہ قومی ریکارڈ توڑ ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 جنوری 2025ء ) قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل نے 34 ٹیسٹ اننگز کے بعد کسی بھی قومی بیٹر کی دوسری بہترین اوسط کا 63 سالہ قومی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
29 سالہ سعود شکیل دسمبر 2022ء میں اپنے ڈیبیو سے اب تک 18 میچز کی 34 اننگز میں 52.03 کی اوسط سے 1613 رنز سکور کرچکے ہیں جس میں 4 سنچریاں اور 9 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
پاکستان کے لیے 34 ٹیسٹ اننگز میں بہترین اوسط رکھنے کا ریکارڈ سابق کپتان جاوید میانداد کے پاس ہے جنہوں نے 34 اننگز میں 67.32 کی اوسط سے 1683 رنز بنائے تھے، سعود شکیل 52.03 کی اوسط سے 1613 رنز بنا کر اس فہرست میں دوسرے، سعید احمد 51.38 کی اوسط سے 1644 رنز سکور کرکے تیسرے جب کہ سعید انور اپنی پہلی 34 ٹیسٹ اننگز میں 47.93 کی اوسط سے 1582 رنز بنا کر اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں۔

(جاری ہے)

 
اس کے علاوہ سعود شکیل سپن بائولنگ کیخلاف برائن لارا اور رکی پونٹنگ سے بھی بہتر اوسط کے مالک بیٹر بن گئے ہیں ۔ 
21 ویں صدی میں 1000 یا زیادہ رنز سکور کرنے والے بیٹرز میں سپن بائولنگ کیخلاف بہترین اوسط مایہ ناز جنوبی افریقی آل رائونڈر جیک کیلس کے پاس ہے جنہوں نے 91.71 کی اوسط سے رنز بنائے، سابق بھارتی بیٹر راہول ڈریوڈ 86.54 کی اوسط سے رنز بنا کر دوسرے، سعود شکیل 84.58 کی اوسط سے رنز بنا کر تیسرے، لیجنڈری ویسٹ انڈین بیٹر برائن لارا 80.53 کی اوسط سے رنز سکور کرکے چوتھے جب کہ سابق آسٹریلین کپتان رکی پونٹنگ 77.14 کی اوسط سے رنز بنا کر پانچویں نمبر پر ہیں ۔

متعلقہ عنوان :