صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی سے عمان کی نزوا یونیورسٹی کے وفد کی ملاقات، سائنسی اور علمی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال

جمعرات 23 جنوری 2025 22:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2025ء) عمان کی نزوا یونیورسٹی کے تعلیمی وفد نےصدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر احمد شجاع سید سے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں سائنسی اور علمی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد کی سربراہی ڈاکٹر ولید خالد ہلال الراجی، ڈین پلاننگ اینڈ کوالٹی مینجمنٹ نزوا یونیورسٹی نے کی جبکہ ڈاکٹر راشد سعید العبری، ڈین آف انجینئرنگ اینڈ آرکیٹیکچر، نزوا یونیورسٹی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ملاقات کے دوران ڈاکٹر احمد شجاع سید نے گزشتہ پانچ دہائیوں میں جامعہ کی خدمات کا ایک جامع جائزہ پیش کیا۔صدر جامعہ نے مزید بتایا کہ عمان کے 153 طلباء نے گزشتہ پانچ برسوں میں یونیورسٹی سے کامیابی کے ساتھ گریجویشن مکمل کی اور یہ امر عمان کے ساتھ جامعہ کے مضبوط تعلیمی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی 11 فیکلٹیز میں 40 سے زائد شعبہ جات ہیں جن میں 44 ممالک کے طلبا تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ جامعہ میں 60 سے زائد غیر ملکی فیکلٹی ممبران خدمات انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے وفد کو بین الاقوامی درجہ بندی میں یونیورسٹی کی حالیہ پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے سینٹر فار ایڈوانسڈ الیکٹرانکس اینڈ فوٹوولٹک انجینئرنگ اور اس کے ساتھ ممکنہ تعاون کے مواقع میں گہری دلچسپی کا اظہار کرنے پر ڈاکٹر احمد شجاع سید نے وفد کو مرکز کی اہم تحقیق، پیٹنٹ اور منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ڈاکٹر احمد شجاع سید نے سنٹر کی جاری سرگرمیوں اور جدید سائنسی ترقی میں اس کے تعاون کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ اس موقع پر فاسٹ نیشنل یونیورسٹی کے سکول آف انجینئرنگ کے پروفیسر اور ڈاکٹر محمد طارق اور ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر رشاد رمضان بھی موجود تھے ۔ بعد ازاں وفد نے سینٹر فار ایڈوانسڈ الیکٹرانکس اینڈ فوٹوولٹک انجینئرنگ کا بھی دورہ کیا۔

متعلقہ عنوان :