بجلی چوری پر بااثر ملزمان کےخلاف بھی گھیرا تنگ کردیا گیا، ترجمان لیسکو

جمعہ 24 جنوری 2025 14:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2025ء) چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر نے بجلی چوری پر بااثر ملزمان کے خلاف بھی گھیرا تنگ کردیا ہے، ایک ہفتے کے دوران دوسری بڑی چوری پکڑی گئی،100کروڑروپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا۔ترجمان لیسکو کی جانب سے جاری ہونےوالے اعلامیے کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی جانب سے ہدایات جاری ہونے کے بعد ریجن بھر میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کردی گئی ہیں، اس سلسلے میں شالیمار ڈویژن کے علاقے میں لیسکو ٹیم نے دوسری بڑی چوری پکڑ لی ہے، فرنس مل کے مالکان غیر قانونی طور پر 650کے وی اے کا موبائل ٹرانسفارمر لگا کر بجلی چوری کر رہے تھے۔

لیسکو حکام نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کروا کر ڈٹیکشن بل چارج کرنے کے لیے کارروائی کا آغاز کردیا ہے، اس سے قبل مغیز سٹیل مل سے بھی بجلی کی بڑی چوری پکڑی گئی تھی، ملزمان لیسکوکی ٹرانسمیشن لائن سے کنڈالگا کر بجلی چوری کر رہے تھے، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے88کروڑ روپے جرمانہ عائدکردیاگیاہے۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر لیسکو حکام کو شاباش دی۔انہوں نے کہا کہ بجلی چور قومی مجرم ہیں جو کہ ملکی وسائل کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہے ہیں، اس طرح کے عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔