محکمہ زراعت کی کارروائی، بھاری مقدار میں جعلی کھاد برآمد، تین ملزمان گرفتار

جمعہ 24 جنوری 2025 23:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ زراعت کا جعلی زرعی ادویات اور ملاوٹ شدہ کھادوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق ملتان کے نواحی علاقہ پل مظفرآباد سے محکمہ زراعت پنجاب نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی کھاد کی بوریوں سے بھرا ٹرک پکڑ لیا، ٹرک میں جعلی کھاد کے300 بیگ لوڈ تھے۔

ضبط شدہ کھاد کی کل مالیت تقریباً85 لاکھ روپے بنتی ہے۔موقع سے3 ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

کارروائی اسسٹنٹ کنٹرولر فرٹیلائزر ملتان ا للہ رکھا سندھو کی سربراہی پر مشتمل ٹیم نے کی ۔موقع پر کھاد کے نمونہ جات حاصل کر کے تجزیہ کے لیے لیبارٹری بھجوا دیئے گئے جبکہ تھانہ مظفرآباد میں6 ملزمان کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لیے استغاثہ دائر کر دیا گیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی ہدایت پر معیاری کھاد و زرعی ادویات کی دستیابی کیلئے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، ملاوٹ شدہ کھادوں اور زرعی ادویات کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جا رہا ہے۔