خضدار میں قومی شاہراہ پر دھماکہ، 1 شخص جاں بحق، 7 افراد زخمی

دھماکہ خیز مواد سڑک کنارے کھڑی کار میں نصب کیا گیا تھا، بس کے گزرتے ہی دھماکہ ہوگیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 26 جنوری 2025 12:17

خضدار میں  قومی شاہراہ پر دھماکہ، 1 شخص جاں بحق، 7 افراد زخمی
خضدار ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جنوری 2025ء ) صوبہ بلوچستان کے علاقہ خضدار میں قومی شاہراہ پر دھماکے میں 1 شخص جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خضدار میں ایم 8 قومی شاہراہ پر کھوڑی کے مقام پر دھماکہ ہوا، اس دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوئے، دھماکہ خیز مواد سڑک کنارے کھڑی کار میں نصب کیا گیا تھا جہاں سے بس کے گزرتے ہی دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں جاں بحق اور زخمی مسافر بس میں سوار تھے، زخمیوں کو ٹراما سینٹر خضدار منتقل کردیا گیا۔

چند روز قبل ضلع خضدار کی تحصیل زہری کے مرکزی بازار پر مسلح مسلح افراد نے حملہ کیا اور لیویز فورس سٹیشن، نادرا اور میونسپل کمیٹی کے دفاتر اور ایک بینک سمیت متعدد سرکاری عمارتوں کو آگ لگا دی تھی، اس مقسڈ کے لیے رات 11 بجے کے قریب 80 عسکریت پسند قریبی پہاڑوں سے علاقے میں داخل ہوئے اور انہوں نے زہری کے تحصیل ہیڈکوارٹرز میں بازار اور دیگر مقامات پر مسلح افراد کو تعینات کیا، زہری بازار کے ارد گرد چیک پوائنٹس اور پہاڑوں پر چوکیاں قائم کیں تاکہ سکیورٹی فورسز کی کسی بھی کارروائی کا مقابلہ کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا کہ عسکریت پسندوں نے لیویز تھانے پر دھاوا بول دیا، اہلکاروں کو یرغمال بنایا، ریکارڈ توڑ پھوڑ کی اور عمارت کو آگ لگا دی، جس سے عمارت کے کچھ حصے، فرنیچر اور دیگر سامان کو نقصان پہنچا، مسلح افراد نے بعد ازاں نجی بینک کی برانچ پر حملہ کیا، عملے کو یرغمال بنایا اور سٹرانگ روم سے 9 کروڑ روپے سے زائد رقم لوٹ لی۔