پھپھوندی سے آلودہ خوراک کے استعمال سے جانوروں کی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں،ڈائریکٹر لائیو سٹاک

جمعرات 30 جنوری 2025 16:53

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2025ء) محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل ۱ٓباد ڈویژن کے ڈائریکٹرڈاکٹرندیم بدر نے کہا کہ پھپھوندی سے آلودہ خوراک کے استعمال سے جانوروں کی صحت پر برے اثرات مرتب ہوتے ہیں جن میں چھوٹے کٹڑوں بچھڑوں میں بڑھوتری کا رک جانا، دودھ کی پیداوار میں بتدریج کمی، حمل ٹھہرنے کی شرح میں نمایا ں کمی، تھنو ں میں ساڑو کی شکایت کا بڑھ جانا، جانور کا بار بار پیچھا نکالنا، بد ہضمی، دائمی اسہال اور شدید جسمانی کمزوری شامل ہیں لہٰذا ایفلا ٹاکسنز کے اثرات سے جانوروں کو بچانے کیلئے ہمیں پھپھوندی سے آلودہ خوراک، کھل ونڈہ اور روٹی کے ٹکڑوں کا استعمال ترک کر نا ہوگا۔

اے پی پی سے بات چیت کے دوران انہوں نے بتایا کہ جس طرح انسانی جسم کو بڑھوتری اور نشو و نما کے لئے متوازن اور ملاوٹ و بیماریوں سے پاک خوراک کا ملنا ضروری ہے ٹھیک یہی اصول جانوروں پربھی لاگو ہے کہ اگر جانوروں کو تمام غذائی خوبیوں سے بھرپور خوراک نہ دی جائے یا ایسی خوراک دی جائے جو آلودہ یا پھپھوندی زدہ ہو تو جانوروں سے ان کی صلاحیت کے مطابق پیداوار کی توقع عبث ہے جس کے نتیجہ میں جانوروں کے نقصان کیساتھ کسان و مویشی پال حضرات کو بھی معاشی نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے اسلئے ضروری ہے کہ جانوروں کو تازہ اور کسی بھی قسم کی آلودگی سے پاک خوراک کا استعمال کروایا جائے تاکہ ان کی غذائی ضروریات کو پورا کرکے ان سے پیداواری صلاحیت کے مطابق بہتر پیداوار لی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے جانوروں کی مختلف نسلوں کی وجہ سے دنیا میں ممتاز حیثیت رکھتا ہے کیونکہ یہ جانور موسمی شدت، خوراک کی کمی، اور مختلف متعدی امراض کے حملوں کو برداشت کرنے کی خصوصی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک پنجاب جہاں جانوروں کو بیماریوں بچانے کیلئے کوشاں ہے وہیں دوسری طرف محکمہ جانوروں کے لیے بہترین خوراک مثلا ًانمول منرل مکسچر اور یوریا، شیرہ، بلاکس بھی تیار کر رہا ہے جو محکمہ لائیو سٹاک کے تحصیل کی سطح پر قائم کر دہ سہولت سنٹر ز پر رعائتی نرخوں پر بآسانی دستیاب ہیں جبکہ ساتھ ساتھ جانوروں کی خوراک، بیماریو ں اور دیکھ بھال سے متعلق کسان بھائیو ں کو جدید معلومات بھی فراہم کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم ایفلا ٹاکسنز کے اثرات سے انسانوں کو اور جانوروں کو بچانا چاہتے ہیں تو ہمیں پھپھوندی سے آلودہ خوراک کھل ونڈہ اور روٹی ٹکڑوں کا استعمال ترک کر نا ہوگا۔