مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فوجی کی دل کا دورہ پڑنے سے موت

منگل 4 فروری 2025 20:30

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 فروری2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے ضلع کولگام میں بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک اہلکار کی دل کا دورہ پڑنے سے موت واقع ہوگئی ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سی آر پی ایف اہلکار نے سینے میں درد کی شکایت کی اور ضلع کے علاقے نیلو میں واقع ڈسٹرکٹ پولیس لائنز میں اچانک گر گیا۔

(جاری ہے)

حکام نے بتایا کہ سی آر پی ایف اہلکار کو فوری طور پر ضلع اسپتال کولگام لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قراردیا۔ہلاک ہونے والے اہلکار کی شناخت بھارتی ریاست گجرات کے وشنو کے طور پر ہوئی ہے۔ حکام نے بتایا کہ پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔ماہرین صحت نے بھارتی فوجیوں میں امراض قلب اور صحت سے متعلق دیگر مسائل کی وجہ سے اموات کے بڑھتے ہوئے واقعات کے لئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری جنگی صورتحال میں ڈیوٹی کے باعث نفسیاتی اور جسمانی اثرات کو ذمہ دارقراردیا ہے۔