بختیار آباد، چیف سیکرٹری بلوچستان کے احکامات پر سبی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا

ہفتہ 8 فروری 2025 23:18

بختیارآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 فروری2025ء) چیف سیکرٹری بلوچستان کے احکامات پر سبی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ کھلی کچہری میں رکن قومی اسمبلی وڈیرہ میاں خان بگٹی صوبائی وزیر صنعت و حرفت سردار کوہیار خان ڈومکی کی سربراہی میں ڈپٹی کمشنر سبی جہانزیب شیخ کی جانب سے عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے سرکٹ ہاس سبی میں منعقدہ کھلی کچہری میں وفاقی محتسب اعلی بلوچستان غلام سرور بروہی رجسٹرار وفاقی محتسب اعلی امیر محمد رند, 63 ونگ کمانڈر کرنل شہر یار خان ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر علی اصغرمگسی زونل مینیجر سوئی سدرن گیس کمپنی ہدایت اللہ کھوسو ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالستار لانگو چئیرمین میونسپل کمیٹی سردار محمد خان خجک ایکسین بی اینڈ آر روڈ نعمان رئیسانی ایس ایس پی سبی میردوستین خان دشتی ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک فاروق احمد لونی ایکیسن کیسکو ظفر علی چھلگری , اسسٹنٹ کمشنر سبی منصورعلی شاہ, اسسٹنٹ کمشنر بختیار آباد میر لیاقت علی جتوئی، ضلعی و وفاقی محکموں کے آفیسران, علاقائی معتبرین , سیاسی و سماجی شخصیات اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی. سبی , لہڑی, بختیارآباد کے شہریوں نے کھلی کچہری میں شکایتوں کے انبار لگا دیے۔

(جاری ہے)

زیادہ تر شکایتیں محکمہ کیسکو, گیس پریشر میں کمی و بلاوجہ گیس کی بندش ٹیچنگ اسپتال سبی میں ادویات کی کمی و اکثر ڈاکٹرز کی ڈیوٹی سے غیرحاضری, محکمہ ہیلتھ و محکمہ ایجوکیشن کی حالیہ کنٹریکٹ بنیادوں پر میرٹ کے برخلاف شکایات کی بعد ازاں تحریری طور پر اپنی درخواستیں ڈپٹی کمشنر سبی جہانزیب شیخ کو پیش کیں۔ کھلی کچہری میں حالیہ کنٹریکٹ صحت کی بھریوں پر بھی اعتراضات اٹھائے گئے۔

کھلی کچہری میں عوام نے سبی شہر میں کیسکو ورکشاپ اور گیس پریشر میں اضافہ ٹیچنگ اسپتال میں ادویات اور ڈاکٹر کی تعیناتی کا مطالبہ کیا۔ شہریوں کی جانب سے شکایات کی انبار پر آفیسران عوام سے نظریں چراتے رہے اور موقع پر عوام کو کوئی تسلی بخش جواب بھی نہ دے سکے۔ محکمہ ہیلتھ کے شکایتوں پر عوام اور ہیلتھ آفیسران کے درمیان بات نوک جھوک تک پہنچی۔

کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی پارلیمانی سیکریٹری انرجی و پیٹرولیم وڈیرہ میاں خان بگٹی صوبائی وزیر صنعت و حرفت سردارکوہیارخان ڈومکی نے عوامی مسائل کے حل کے فوری احکامات صادر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلی کچھری کا مقصد عوام کی شکایات سننا اور موقع پر احکامات صادر کرنا ہے انہوں نے کہا کہ ہم یہاں آپ کی شکایتیں سننے اور ان کے حل کے لیے آئے ہیں آپ کے جائز مسائل حل کرنا ہماری اولین ترجیحات ہیں انہوں نے کہا کہ آئندہ سال پی ایس ڈی پی میں سبی شہر کے لیے میگا پروجیکٹ کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

سبی میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ گیس پریشرکی کمی ٹیچنگ اسپتال میں ادویات و ڈاکٹرز کی کمی و دیگر مسائل فوری حل طلب ہیں جن کے لیے فوری احکامات صادر کرکے اپنے حلقہ کے عوام کو ان کے بنیادی حقوق سہولیات سے آراستہ کریں گے۔