مسلم لیگ (ن)ضلع صوابی نے پی ٹی آئی جلسہ کومکمل طور پر ناکام قرار دے دیا

اتوار 9 فروری 2025 21:30

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 فروری2025ء)پاکستان مسلم لیگ (ن)ضلع صوابی نے پی ٹی آئی کے جلسہ صوابی کو مکمل طور پر ناکام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نے ملک میں انتشار کی سیاست کو یکسر مسترد کر دیا۔مسلم لیگ (ن)کے ضلعی صدر شیراز خان، جنرل سیکرٹری بابر سلیم، صوبائی صدر افتخار خان اور سیکرٹری اطلاعات ایڈووکیٹ اسفندیار خان نے مشترکہ بیان میںکہاکہ پاکستان تحریک انصاف کے صوابی میں ہونے والے جلسے میں شرکت کیلئے پورے پاکستان سے کارکنوں کو لایا گیا مگر اس کے باوجود صرف چند ہزار افراد جلسے میں شریک ہوئے، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پی ٹی آئی عوام میں اپنی مقبولیت کھو چکی ہے۔

انہوںنے کہاکہ عوام نے پی ٹی آئی کے انتشار کی سیاست کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے اور اب وہ حقیقی ترقی کے خواہاں ہیں، جو صرف مسلم لیگ (ن)کی قیادت میں ممکن ہے۔

(جاری ہے)

بابر سلیم نے ضلعی انتظامیہ کی جانبداری پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کو غیر جانبدار ہونا چاہیے، مگر بدقسمتی سے وہ پی ٹی آئی کے جلسے کو کامیاب بنانے میں مصروف رہی،انتظامیہ نے مکمل سہولت فراہم کی۔

افتخار خان نے کہا کہ اس جلسے میں پی ٹی آئی صوابی کے مقامی کارکنوں کی عدم شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ بھی اپنی قیادت سے مایوس ہو چکے ہیں جس جماعت کے اپنے کارکن ہی جلسے میں شریک نہ ہوں، وہ عوام کی نمائندہ کیسے ہو سکتی ہی یہ پی ٹی آئی کی ناکامی اور اس کی قیادت پر عدم اعتماد کا واضح اظہار ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سیکرٹری اطلاعات ایڈووکیٹ اسفندیار خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے 11 سال کی بدترین طرز حکمرانی کو قریب سے دیکھ لیا ہے، جس کے باعث وہ اب مزید دھوکہ کھانے کیلئے تیار نہیں۔

انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت نے نہ تو معیشت کو سنبھالا، نہ تعلیم کے شعبے میں کوئی بہتری لائی، اور نہ ہی نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کیے،پی ٹی آئی کی حکومت نے کرپشن، بدانتظامی، اور اقربا پروری کے نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں، جس کی سزا آج خیبر پختونخوا کے عوام بھگت رہے ہیں۔شیراز خان نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)ہی وہ واحد جماعت ہے جو ملک میں حقیقی ترقی اور عوامی خوشحالی کی ضامن ہے،مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ عوام کے مسائل حل کرنے پر توجہ دی ہے، اور آنے والے انتخابات میں عوام کارکردگی کی بنیاد پر فیصلہ کریں گے۔

بابر سلیم نے مسلم لیگی کارکنوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ مسلم لیگ (ن)کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں اور پی ٹی آئی کی ناکامیوں اور جھوٹے وعدوں کو بے نقاب کریں۔افتخار خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کارکردگی کی بنیاد پر فیصلہ کریں گے اور مسلم لیگ (ن)کی قیادت میں ترقی اور خوشحالی کی راہ اختیار کریں گے۔