امریکی دارالحکومت میں ایک اور ادارے کا ہیڈکوارٹر بند

پیر 10 فروری 2025 17:27

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 فروری2025ء) امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں واقع کنزیومر فنانشل پروٹیکشن بیورو (سی ایف پی بی ) کے ہیڈکوارٹر کو پیر سے جمعہ تک بند رکھنے کا اعلان کر دیا گیا۔ اس سرکاری ادارے کا کام فنانشل سیکٹر کے امریکی صارفین کو تحفظ فراہم کرنا تھا۔ شنہوا کی رپورٹ کے مطابق اس ادارے کی اچانک بندش کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔

رپورٹ کے مطابق سی ایف پی بی کے قائم مقام ڈائریکٹر رسل ووٹ کی طرف سے ہفتے کی رات بھیجی گئی ایک ای میل میں ایجنسی کو حکم دیا گیا کہ وہ تمام نگرانی اور معائنہ کی سرگرمیاں بند کردے ۔ادارے کے چیف آپریٹنگ آفیسر ایڈم مارٹینز نے اتوار کی سہ پہر ایک اور ای میل بھیجی جس میں واشنگٹن، ڈی سی میں تمام ملازمین اور ٹھیکیداروں کو ہدایت کی گئی کہ جب تک کہ قائم مقام ڈائریکٹر یا اس کے نامزد کردہ شخص کی طرف سے ہدایت نہ کی جائے وہ دفتر نہ آئے اور گھر سے کام کریں۔

(جاری ہے)

اس ادارے کو سابق صدر براک اوباما کی انتظامیہ نے 2008 کے مالیاتی بحران اور سب پرائم مارگیج قرض دینے کے سکینڈل کے بعد صارفین کے تحفظ کے لئے قائم کیا تھا۔واضح رہے کہ امریکی ادارے ڈپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشینسی (ڈوج) کے سربراہ ایلون مسک کی طرف سے چند روز قبل ایکس پر ایک پوسٹ میں قبر کے کتبے کے ایموجی کے ساتھ "سی ایف پی بی ،ریسٹ ان پیس " کے الفاظ تحریر کئےگئے تھے۔ ڈپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشینسی کی طرف سے قبل ازیں یو ایس ایڈ کے ہیڈ کوارٹر کو بھی بندکر دیا گیا تھا۔