بار بار چوری ہونے پر امام مسجد نے چندہ بکس میں کرنٹ چھوڑ دیا، نشئی جاں بحق

مسجد کے لیے چندہ اکٹھا کرنے کی غرض سے لگے ہوئے بکس سے ہر چند روز بعد ہی چوری ہوجاتی تھی

Sajid Ali ساجد علی منگل 11 فروری 2025 12:56

بار بار چوری ہونے پر امام مسجد نے چندہ بکس میں کرنٹ چھوڑ دیا، نشئی جاں ..
پتوکی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 فروری 2025ء ) صوبہ پنجاب کے علاقہ پتوکی میں بار بار چوری ہونے پر امام مسجد نے چندہ بکس میں کرنٹ چھوڑ دیا جس سے نشئی جاں بحق ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسجد کے لیے چندہ اکٹھا کرنے کی غرض سے لگے ہوئے بکس سے آئے روز چوری ہوتی رہتی تھی، بار بار ہونے والی ان وارداتوں سے تنگ آکر ایک دن امام مسجد نے چندہ بکس میں کرنٹ چھوڑنے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد گزشتہ رات جب چور ایک بار پھر چوری کے لیے پہنچا تو بجلی کے جھٹکے لگنے سے موقع پر ہی اس کی موت ہوگئی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تفتیش کا آغاز کردیا اور اس معاملے پر امام مسجد سے بھی پوچھ گچھ شروع کردی گئی۔

ادھر ساہیوال کے نواحی چک 79 پانچ آر میں ایک نشئی شخص نے نشے کی رقم نہ ملنے پر اپنی 14 سالہ سگی بیٹی کے گلے پر چھری پھیردی اور اس کا کان بھی کاٹ ڈالا، بتایا جارہا ہے کہ جاوید نے اپنی بیوی نصرت بی بی سے نشہ کرنے کے لیے پیسے مانگے تو اس کی بیوی نے انکار کر دیا جس پر مشتعل ہو کر ملزم جاوید نے اپنی 14 سالہ بیٹی مہک فاطمہ کی گردن اور کان پر چھری کے وار کرکے اس کو شدید زخمی کر دیا اور فرار ہو گیا جب کہ متاثرہ لڑکی مہک فاطمہ کو ہسپتال منتقل کردیا گیا، بعد ازاں پولیس فتح شیر نے ڈی پی او کے حکم پر نصرت بی بی کی مدعیت میں دو یوم کی تاخیر سے مقدمہ 324 ت پ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

ایسے ہی واقعات کی روک تھام کے لیے خیبرپختونخواہ حکومت نے نشے سے پاک مہم کے دوران نشہ چھوڑ کر صحت یاب ہونے والے افراد کو روزگار فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، صحت یاب ہونے والے افراد کو دوبارہ نشے کی جانب جانے سے بچانے کے لیے ان کو باعزت روزگار دیا جائے گا، ابتدائی طور پر صحتیاب 300 ہنرمند افراد کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے ان کی مدد کی جائے گی جب کہ باقی افراد کو ڈبلیو ایس ایس پی، پی ڈی اے اور دیگر پرائیوٹ اداروں میں روزگار دیا جائے گا۔