عدلیہ‘ پارلیمنٹ‘ ایگزیکٹو سب زوال پذیر ہیں اب صرف نوجوان نسل سے امیدیں ہیں. جسٹس محسن اختر کیانی

عدالت نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کو سی ایس ایس کے نتائج جاری کرنے سے پہلے نئے امتحانات سے روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 11 فروری 2025 14:10

عدلیہ‘ پارلیمنٹ‘ ایگزیکٹو سب زوال پذیر ہیں اب صرف نوجوان نسل سے امیدیں ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔11 فروری ۔2025 )اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس محسن اختر کیانی نے قراردیا ہے کہ عدلیہ‘ پارلیمنٹ‘ ایگزیکٹو سب زوال پذیر ہیں اب امیدیں صرف نوجوان نسل سے ہیں نجی ٹی وی کے مطابق عدالت عالیہ نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) کو سینٹرل سپیریئر سروسز (سی ایس ایس) کے نتائج جاری کرنے سے پہلے نئے امتحانات سے روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا.

(جاری ہے)

سماعت کے دوران اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ پاکستان میں رہنا مستقل لڑائی ہے 24 سے 25 کروڑ لوگ ہیں لڑائی کرنے والے زیادہ اور بچنے والے کم ہیں درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ عدلیہ ریاست کا ستون ہے جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ ریاست کا ستون تو ہوا میں ہی ہے، پھر بھی مایوس نہیں ہیں. انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت 45 سال سے زائد عمر کے لوگ ناکارہ ہیں نوجوانوں نے ہی اس ملک کے لیے کچھ کرنا ہے انہوں نے ریمارکس دیے کہ عدلیہ‘ پارلیمنٹ‘ ایگزیکٹو سب زوال پذیر ہوچکے ہیں اب امیدیں صرف نوجوان نسل سے ہیں.