کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام مختلف ہاسنگ منصوبے اور مختلف سکیمز جس میں شالکوٹ، درخشاں، کرانی، تھنک ٹینکانی ہاوسنگ سکیم اور زرغون ہاسنگ سکیم جیسے منصوبوں پر مختلف ٹیکسوں کے لگانے پر افسوس کا اظہارکرتے ہیں ، پشتونخوانیشنل عوامی پارٹی

جمعہ 14 فروری 2025 19:50

ظ*کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 فروری2025ء) پشتونخوانیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام مختلف ہاسنگ منصوبے اور مختلف سکیمز جس میں شالکوٹ، درخشاں، کرانی، تھنک ٹینکانی ہاوسنگ سکیم اور زرغون ہاسنگ سکیم جیسے منصوبوں پر مختلف ٹیکسوں کے لگانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی صوبے کی واحد ترقیاتی ادارہ ہے جو صوبے کی مجموعی ترقی اور خاص طور کوئٹہ شہر کی بہتری کیلئے قائم کی گئی تھی اور ماضی میں کیو ڈی اے نے شہر کی ترقی کیلئے بہترین منصوبے بنائے جبکہ گزشتہ کئی سالوں سے یہ ادارہ زبوں حالی کی صورتحال سے دوچار اور ان کے تمام ترقیاتی منصوبے تعطل کا شکار ہوچکے ہیں جو قابل افسوس اور قابل گرفت ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ زرغون ہاسنگ سکیم، شالکوٹ منصوبہ، درخشاں سمیت تمام منصوبے ابھی تک بنیادی سہولیات سے محروم ہے اور دوسری طرف ان منصوبوں پر غیر ضروری ٹیکس، سرچارج، نان یوٹیلائزیشن فیس اور ایف بی آر کی بھاری فیسوں نے عوام کو گھروں کے بنانے، ان کے حصول اور کاروبار کرنے سے مزید بدظن کردیا ہے اور ان بے جا ٹیکسز اور بنیادی سہولیات کی عدم موجودگی کے باوجود عوام پر ناجائز مالی بوجھ ڈالنا ناانصافی اور ظلم ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کیو ڈی اے کی غلط پالیسیوں کے باعث یہ ادارہ خود بھی بدحالی کا شکار اور ادارے کے پاس تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے بھی وسائل نہیں بچی۔ بیان میں مطالبہ کیاگیا ہے کہ وزیراعلی بلوچستان اور چیئرمین کیو ڈی اے اسفندیار خان کاکڑ اس صورتحال کا فوری نوٹس لے اور تمام سیکموں میں صرف اور صرف پلاٹوں کی ادائیگی کے اقساط کو برقرار رکھتے ہوئے باقی تمام چارجز کو فورا ختم کریں اور ان سکیموں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کریں۔