Live Updates

بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر گرینڈ اپوزیشن الائنس بنانے کی تیاری کررہے ہیں

عمران خان نے عید کےبعد احتجاجی تحریک کی تجویز دی ہے، بانی کی ہدایت پر شاہد خاقان ، جی ڈی اے ، جماعت اسلامی اور دیگر جماعتوں سے رابطے کریں گے، رہنماء پی ٹی آئی فیصل چوہدری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 15 فروری 2025 21:02

بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر گرینڈ اپوزیشن الائنس بنانے کی تیاری کررہے ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 15 فروری 2025ء ) رہنماء پی ٹی آئی فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر گرینڈ اپوزیشن الائنس بنانے کی تیاری کررہے ہیں،عمران خان نے عید کے بعد احتجاجی تحریک کی تجویز دی ہے۔ انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی گرینڈ اپوزیشن الائنس بنانے کی تیاری کررہی ہے، جس کے تین نکات آئین جمہوریت اور بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ شامل ہے،عمران خان نے آج عید الفطر کے بعد احتجاجی تحریک چلانے کی تجویز دی ہے۔

بانی نے اسد قیصر کو ہدایت کی کہ شاہد خاقان ، جی ڈی اے ، جماعت اسلامی اور دیگر سے رابطے کریں ۔پی ٹی آئی محور اور مرکز عمران خان ہیں، عمران خان سے پانچ مہینوں سے سیاسی لوگوں کو نہیں ملنے دیا گیا۔

(جاری ہے)

عمران خان سے ملاقات میں صرف شکائتیں نہیں ہوتیں بلکہ ایشوز حل بھی ہوتے ہیں۔موجودہ پارٹی قیادت مسائل کیوں حل نہیں کررہی یہ ان کے ترجمان ہی بتا سکتے ہیں۔

وکلاء سیاستدان نہیں ہوسکتے ہر وکیل اعتزاز احسن کی طرح نہیں کہ وکیل بھی ہو اور سیاستدان بھی اچھا ہو۔ پی ٹی آئی میں لوگ باتیں کرتے ہیں، اور ان کی بات سنی بھی جاتی ہے، لیکن دوسری جماعتوں میں ایسا نہیں ہے۔ دوسری جانب نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے منصورہ میں کارکنوں کی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ آرمی چیف کو خط لکھ کر معاملات ٹھیک ہو جائیں گے اور اسٹیبلشمنٹ سے سیاسی ریلیف حاصل کرکے سیاسی استحکام آ جائے گا تو یہ ممکن نہیں ہے۔

 
لیاقت بلوچ نے کہا کہ یہ خرابیاں جس وجہ سے پیدا ہوئیں، قومی سیاسی قیادت، سیاسی لیڈر شپ کو اب اپنی غلطیوں کو سمجھنا ہوگا، غلطیاں سب سے ہو چکیں اب سب کواپنی انا ہٹ دھرمی ضد ترک کرنا ہوگی اور قومی ترجیحات پر قومی سیاسی قیادت کو بامعنی ڈائیلاگ کرنا ہوں گے جس کی بنیاد یہ ہے کہ آئین آزاد عدلیہ کی حفاظت ہو اور انتخابات میں عوام کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے۔ 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات