لاہور پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ہمہ وقت الرٹ ہے،ڈی آئی جی آپریشنز

منگل 18 فروری 2025 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2025ء) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے احکامات کی روشنی میں لاہور پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ہمہ وقت الرٹ ہے۔ تفصیلات کے مطابق گرین ٹاون پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شاپ رابر ی وڈکیت گینگ کے04 ارکان گرفتارکر لیے۔گرفتار ملزمان میں وارث، عرفان، حنیف اور محمد جمیل شامل ہیں۔ ریکارڈ یافتہ ملزمان کے قبضہ سے چوری شدہ08 موبائل فونز،2 لیپ ٹاپ، نقدی اور 2عدد پستول بمعہ درجنوں گولیاں برآمدکی گئیں۔

نشتر کالونی پولیس نے غریب ریڑھی بانوں کو لوٹنے والا متحرک ڈکیت گروپ کے2 ارکان گرفتار کر لیے۔گرفتار ملزمان رفاقت اور عبدالقیوم ڈکیتی و چوری اور ناجائز اسلحہ کے32 مقدمات میں سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں۔ملزمان سے چھینے گئے 14موبائل فونز،چوری شدہ 2 موٹرسائیکلیں و ناجائز اسلحہ برآمدکیا گیا۔

(جاری ہے)

ملزمان منڈی جانے آنے والے ریڑی بانوں کی ریکی کرتے اور گن پوائنٹ پر رقم اور موبائل فون چھین کر فرار ہو جاتے تھے۔

بھاٹی گیٹ پولیس نے آن لائن پتنگ بازی کا سامان فروخت کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا۔ ملزم کے قبضہ سے ہزاروں مالیت کی تیار پتنگیں اور5 کیمیکل ڈور کے بڑے پنے برآمدکیے گئے۔ ملزم اشفاق لاہور سمیت دیگر اضلاع میں پتنگ بازی کا سامان فروخت کرتاتھا۔نصیر آباد چوکی صوئے اصل اور فردوس مارکیٹ پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران 7 منشیات فروشوں کو حراست میں لے لیا۔

ملزمان کے قبضہ سے مجموعی طور پر 625لیٹر دیسی شراب اور 5کلو 900گرام چرس برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزمان میں بابر، آصف، عدنان،فیصل، نعیم، نوید اور غفار شامل ہیں۔ ڈیفنس بی پولیس نے ون فائیو کال پر فوری ریسپانس کر تے ہوئے گھریلو ملازمہ سے زبردستی زیادتی کرنیوالے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ملزم مقصود نے ملازمہ آسیہ بی بی کو اپنے کمرے کی صفائی کے لیے بلایا اور زبردستی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔

ملزم مقصود ملازمہ کوزیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتا رہا۔متاثرہ خاتون کے شوہر عاطف علی کی مدعیت میں نامزد ملزم مالک مکان مقصود کیخلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ہربنس پورہ پولیس نے دوران سنیپ چیکنگ ڈالے سے ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا۔سر عام اسلحہ لیکر گھومنے اور خوف و ہراس پھیلانے والے 04 ملزمان کو اسلحہ اور ڈالے سمیت حراست میں لے لیا گیا۔

گرفتار ملزمان میں عظیم، حنیف، ذیشان حیدر اور احسان اللہ شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضہ سے 02 رائفلیں، پستول، میگزینز اور گولیاں برآمد کی گئیں۔ ٹبی سٹی پولیس نے قحبہ خانہ چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاون کرتے ہوئے حرام کاری کے مرتکب 3 خواتین سمیت 6 ملزمان گرفتارکر لیے۔گرفتار ملزمان میں نائیکہ سلمیٰ بی بی،ممتاز،عارف،مقبول،رابعہ اور نادیہ شامل ہیں۔

پولیس سے بچنے کے لیے ملزمان نے گھروں کے اندر حرام کاری کے لیے سرنگیں بنا رکھی تھیں۔ڈولفن سکواڈ نے کمیونٹی پولیسنگ کی مثال قائم کرتے ہوئے ون فائیو کال پر کارروائی کرتے ہوئے 1 دن سے لاپتہ بچے کو ڈھونڈ کر والدین کے حوالے کردیا۔10 سالہ سعد ذہنی طور پر معذور ہے،گھر کا راستہ بھول کر لاپتہ ہوگیا تھا۔ بچہ سبزہ زار گندہ نالہ پر روتا ہوا ملاجس کو ورثا سے رابطے کے بعد والدین کے حوالے کردیا۔

ڈولفن سکواڈ نے اسلحہ کی نمائش و ہوائی فائرنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں سے 4 ملزمان کو گرفتار کر اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں رفیع،اسلم،ثاقب و دیگر شامل ہیں۔ملزمان کے قبضہ سے 3 پستول،رائفل برآمد کی گئی۔ملزمان کو کاہنہ،ڈیفنس،مناواں کے علاقوں سے گرفتار کیاگیا۔