بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کیلئے نیب کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں،ڈی جی نیب لاہور

بدھ 19 فروری 2025 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2025ء) ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور محمد احترام ڈار نے سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں منعقدہ دو روزہ بزنس ایکسپو میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل نیب نے تقریب میں موجود بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ شعبہ صنعت پاکستان کی معاشی ترقی میں کلیدی کردر اداکرسکتا ہے ، پاکستانی بزنس کمیونٹی کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے نیب متعدد مثبت اقدامات اٹھا رہا ہے،اس ضمن میں چیئرمین نیب کی ہدایات پر نیب لاہور میں بزنس سہولت سیل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جوبزنس کمیونٹی کو سرکاری اداروں سے متعلق شکایات میں مدد فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ نیب قانون کے سیکشن 33 (C) کے تحت ایسے قوانین جو رکاوٹوں کا باعث ہوں ان قوانین میں تبدیلی کی سفارشات فراہم کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ڈی جی نیب لاہور نے کہا کہ نیب نے عوام سے دھوکہ دہی کے مرتکب جعلی بزنس اونرز کیخلاف علم جہاد بلند کر رکھا ہے جس کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے بزنس کمیونٹی کو نیب کا ساتھ دینا ہوگا تاکہ حقیقی بزنس مین کی ساخت متاثر نہ ہو۔انہوں نے یقین دلاتے ہوئے کہا کہ نیب آپ کا اپنا ادارہ ہے اور بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کیلئے نیب کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر حافظ میاں نعمان نے نیب کے حالیہ اقدامات کو سراہا ۔