وزیر اعلیٰ پنجاب کے بے موسمی ٹماٹر کی کاشت کے منصوبہ کے تحت اٹک کے گاؤں سرکہ میں فارمر ڈے کا انعقاد

ہفتہ 22 فروری 2025 23:28

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کے بے موسمی ٹماٹر کی کاشت کے منصوبہ کے تحت اٹک کے گاؤں سرکہ میں فارمر ڈے کا انعقاد کیا گیا۔ اس فارمر ڈے کے انعقاد کا مقصد بے موسمی ٹماٹر کے منصوبے کے تحت کاشتکاروں کو آگاہی اور تربیت فراہم کرنا تھا۔ اس موقع پر ملک محمد عارف ڈپٹی ڈائریکٹر فروٹ اینڈ ویجیٹبل راولپنڈی نے بطور مہمان خصوصی کاشتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبہ کے تحت کاشتکاروں کو نمائشی پلاٹوں پر بے موسمی ٹماٹر اگانے کے لئے بذریعہ قرعہ اندازی 2 لاکھ روپے فی 2 ایکڑ سبسڈی دی گئی ہے۔

اس سبسڈی سے کاشتکاروں کو بے موسمی ٹماٹر اگانے اور دیگر زرعی مداخل خریدنے میں مدد ملی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس منصوبہ سے ٹماٹر کی بے موسمی کاشت کو فروغ ملے گا اور ٹماٹر کی پیداواری قلت کو ختم کیا جائے گا، جس سے مارکیٹ میں ٹماٹر کی قیمت کم ہو گی اور سال بھر ٹماٹر کی دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) حضرو ظفر اقبال خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے زراعت کی ترقی کے لئے انقلابی منصوبے متعارف کروائے ہیں۔

ٹماٹر کی بے موسمی کاشت کا منصوبہ بھی حکومت پنجاب کا ایک انقلابی قدم ہے۔اس سے نہ صرف کاشتکاروں کو منافع حاصل ہو گا بلکہ ملکی ترقی میں بھی مدد دملے گی۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد ٹماٹر جیسی اہم فصل کی کاشت کو بڑھانا ہے جو کہ غذائی ضروریات کو پورا کرنے اور کسانوں کی معاشی حالت میں بہتری لانے کے لیے نہایت ضروری ہے۔کاشتکاروں کو چاہیے کہ بے موسمی ٹماٹر اگانے کے منصوبہ میں حکومت پنجاب سے تعاون کریں۔\378