ًمادری زبانوں میں علم حاصل کرنے سے ہی ترقی کے معراج تک پہنچایا جاسکتا ہے ، مصطفی کمال

ہفتہ 22 فروری 2025 21:15

Tلورالائی+ژوب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 فروری2025ء) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ ملک میں پشتو زبان سمیت تمام مادری زبانوں کو قومی زبانوں کا درجہ دلانے اور ان کی ترقی و ترویج کیلئے جدوجہد تمام سیاسی جمہوری قوتوں اور ہر مکتبہ فکر کے تنظیموں اور سول سوسائٹی کا قومی فرض ہے مادری زبانوں میں علم حاصل کرنے سے ہی ترقی کے معراج تک پہنچایا جاسکتا ہے دنیا کے تمام ترقی یافتہ ممالک کی ترقی کا راز ان کے اپنے مادری زبانوں میں علم کا حصول ہے پشتونخوانیپ پشتوزبان سمیت تمام مادری زبانوں کو قومی زبانوں کا درجہ دلانے اور ان کی ترقی و ترویج کیلئے جاری جدوجہد مزید تیز کریگی۔

ان خیالات کا اظہار پشتونخوانیپ ضلع لورالائی کے سیکریٹری مصطفی کمال، صوبائی ڈپٹی سیکریٹریز نعمت اللہ جلالزئی، غنی فدائی، ضلع ایگزیکٹیو نعمت اللہ شبوزئی، داد کبزئی، ملک قادر مردانزئی، عصمت خان نگار، ضلع زیارت کے ضلعی سینئر معاون سیکریٹری وہاب خان دمڑ، صوبائی کمیٹی کے ممبران حاجی باچا اتمانخیل، مولوی فضل کریم، شیرعلی باچا، پشتونخواایس او کے ضلعی سیکریٹری فرید خان کبزئی، جاوید خان ملازئی نے لورالائی پشتونخوانیپ کے صوبائی نائب صدر عبدالقیوم ایڈوکیٹ، مرکزی کمیٹی کے ممبر عبدالعزیز ایڈوکیٹ، ضلعی سینئر معاون سیکریٹری نعمت اللہ مندوخیل، پشتونخوا ایس او کے صوبائی ثقافت سیکریٹری مامون شعور، ضلعی سیکریٹری امیرالبشر اور نثار زوحیل نے ژوب شہر کے بلدیہ اسمبلی ہال میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو کے زیر اہتمام مادری زبانوں کا عالمی دن منانا اور ان کی ترقی وترویج اور حفاظت کیلئے عزم کا اظہار قابل تحسین ہے اور یہ اعزاز بنگال کے طالب علموں کو حاصل ہے جنہوں نے شہدا کی قربانی دے کر ایک طرف اپنی زبان کی حفاظت کو یقینی بنایا اور دوسری طرف ان کی قربانیوں کی بدولت تمام دنیا کے اقوام وعوام کو اپنے مادری زبانوں کی ترقی اور حفاظت کیلئے جدوجہد کی ترغیب حاصل ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پشتوزبان ہزاروں سال پر محیط تاریخ رکھتی ہے اور وہ دنیا کے چند بڑے زبانوں میں شامل ہے اور پشتوزبان زندگی کے تمام ضروریات اور علوم حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے اور اب بھی پشتوزبان میں زندگی کے ہر شعبے کے علوم کا لیٹریچر موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کے استعماری حکمرانوں نے ملک کے اقوام وعوام کے قومی زبانوں کو شعوری طور پر نظرانداز کرکے انہیں تنزلی کی راہ پر گامزن کیا ہے اور اب بھی ان اقوام وعوام دشمن سازشوں پر عمل پیرا ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک کے سیاسی جمہوری قوتیں اور ہر مکتبہ فکر کے تنظیموں اور باشعور نمائندوں نے اس مہم کا بڑھ چڑھ کر ساتھ دینا ہوگا کہ ملک کے اقوام وعوام کے مادری زبانوں کو قومی زبانوں کا درجہ دیا جائے اور اگر اس مطالبے پر عمل نہیں کیا جاتا تو اس اہم مطالبے کیلئے ملک کے تمام سیاسی جمہوری قوتوں اور تمام اقوام کے دانشوروں اور باشعور افراد نے متحد ومنظم ہوکر تحریک چلانی ہوگی۔