بھارتی فوج نے تحریک آزادی کشمیرکو دبانے کے لیے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں’’کامیکاز‘‘ڈرونز تعینات کردیے

اتوار 23 فروری 2025 18:00

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فوج نے تحریک آزادی کو دبانے کے لیے جدید’’کامیکاز‘‘ڈرونز تعینات کردیے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ ڈرونزجو حال ہی میں علاقے میں تعینات کیے گئے ہیں،خطرات کی درست نشاندہی کرنے، ان کا سراغ لگانے اور انہیں بے اثر کرنے کے لیے بنائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ خود کار فضائی آلات اب خاص طور پر کنٹرول لائن سے متصل علاقوں میں تعینات کیے جا رہے ہیں۔بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ کامیکاز ڈرونز کی شمولیت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب علاقے میں آزادی پسند سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔قابض حکام کا کہنا ہے کہ یہ ڈرونز کسی بھی ہدف کے اوپر منڈلا سکتے ہیں، صورتحال کا جائزہ لے سکتے ہیں اور درستگی کے ساتھ حملہ کر سکتے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ ڈرونز ہائی ریزولوشن کیمروں اور دھماکہ خیز پے لوڈز سے لیس ہیں جس سے یہ اہداف کو نشانہ بنانے کے لئے ایک موثر ہتھیار بن جاتے ہیں۔