صنعتوں کو بااختیار بنانا پاکستان کی برآمدی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے لئے ضروری ہے، ناصر منصور قریشی

پیر 24 فروری 2025 17:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ آل چیمبرز کے صدور کی کانفرنس میں شرکت کی جس میں پاکستان بھر کے مختلف چیمبرز کے صدور نے شرکت کی ۔ کانفرنس میں وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب بطور مہمان خصوصی شریک تھے۔

چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اپنے خطاب میں ناصر منصور قریشی نے مستحکم کاروباری ماحول کو فروغ دینے کے سلسلے میں مستقل معاشی پالیسیوں کو برقرار رکھنے میں حکومت کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ کاروباری برادری خصوصاً صنعتی شعبے کو زیادہ سے زیادہ تعاون فراہم کرے جو کہ اقتصادی ترقی کی کلید ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ صنعتوں کو بااختیار بنانا نہ صرف قومی اقتصادی ترقی بلکہ پاکستان کی برآمدی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے لئے بھی ضروری ہے۔ انہوں نے صنعتوں کی پیداواری صلاحیت اور عالمی مسابقت کو بڑھانے کے لئے حکومت کی طرف سے ضروری مراعات اور مدد فراہم کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔آئی سی سی آئی کے صدر کی طرف سے اٹھایا جانے والا ایک اور اہم مسئلہ پاکستان میں پانی کی بڑھتی ہوئی کمی تھی۔

انہوں نے ملک کے پانی کے بحران سے نمٹنے کے لئے فوری اور طویل المدتی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا جس کے صنعتی ترقی، زراعت اور مجموعی اقتصادی استحکام پر براہ راست اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے سٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ اس اہم چیلنج کو کم کرنے کے لئے پانی کے تحفظ کے اقدامات اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لئے اجتماعی طور پر کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ جہاں تک آئی سی سی آئی کا تعلق ہے وہ ایسی پالیسیوں کی وکالت کرنے کے لئے پرعزم ہے جو ایک سازگار کاروباری ماحول کو فروغ دیتی ہیں اور پائیدار اقتصادی ترقی کو آگے بڑھاتی ہیں۔کانفرنس کا اختتام پاکستان کے معاشی مستقبل کو مستحکم کرنے کے لئے حکومت اور تاجر برادری کے درمیان تعاون کی اہمیت پر شرکاء کے درمیان اتفاق رائے کے ساتھ ہوا۔