درخت لگائیں، زندگی بچائیں" نہ صرف نعرہ ایک قومی ذمہ داری بھی ہے،ڈویژنل فارسٹ آفیسر اجمل خان کاکڑ

پیر 24 فروری 2025 19:19

پشین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2025ء) محکمہ جنگلات کے زیر اہتمام ضلعی دفتر پشین میں شجرکاری مہم کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب کے دوران محکمہ جنگلات کے ڈویژنل فارسٹ آفیسر اجمل خان کاکڑ، جمیعت علماء اسلام تحصیل پشین کے امیر مولوی عطاء آغا، نائب امیر مولوی احسان ، جنرل سیکرٹری مولوی امین ، سردار جمیل ترین، محکمہ زراعت ڈائریکٹر فضل الرحمان ترین سمیت دیگر ضلعی افیسران اور معززین نے درخت لگا کر شجرکاری مہم کا باضابطہ آغاز کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ "درخت لگائیں، زندگی بچائیں" نہ صرف ایک نعرہ ہے بلکہ ایک قومی ذمہ داری بھی ہے۔

(جاری ہے)

درخت لگانا صدقہ جاریہ ہونے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تحفظ اور مستقبل کی نسلوں کے لیے ناگزیر بھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ درختوں کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ہر شہری کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی ہوگی تاکہ ماحول کو سرسبز و شاداب بنایا جاسکے۔

میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈویڑنل فارسٹ افیسر محکمہ جنگلات اجمل خان کاکڑ نے کہا کہ محکمہ جنگلات کی جانب سے اس سال بڑے پیمانے پر شجرکاری کی جارہی ہے تاکہ موسمی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کیا جا سکے اور آلودگی پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر اپنے ماحول کو بہتر بنانے میں کرطدار ادا کریں۔تقریب میں شریک معززین نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ علاقے میں جنگلات کی حفاظت کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور غیر قانونی کٹائی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔