ملک میں پھولوں کی کاشت کو فروغ دے کر بھاری زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے،ماہرین انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹیکلچر سائنسز

منگل 25 فروری 2025 13:39

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2025ء) ملک میں پھولوں کی کاشت کو فروغ دیکر بھاری زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے جس سے نہ صرف کاشتکار برادری کی آمدنی میں اضافہ ہوگا بلکہ غربت کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار ماہرین نے انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹیکلچر سائنسز زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے زیر اہتمام فلوری کلچر انڈسٹری کی ڈیوائریکیشن، ویلیو ایڈیشن اور سپلائی چین مینجمنٹ پر تیسری بین الاقوامی ورکشاپ کے افتتاحی سیشن میں کیا ۔

زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور خاں نے کہا کہ ملک میں پھولوں کی بہترین کوالٹی کاشت کرنے کے بہترین مواقع دستیاب ہیں جس سے استفادہ کرتے ہوئے ہم نہ صرف اس میدان میں خودکفالت حاصل کر سکتے ہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ زرمبادلہ بھی کما سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تنوع کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرت نے پاکستان کو ہر موسم کے پھول اگانے کے لیے موزوں آب و ہوا سے نوازا ہے۔

سابق ڈائریکٹر ہارٹیکلچر پروفیسر ڈاکٹر امجد اولکھ نے کہا کہ پروسیسنگ، پیکجنگ اور سپلائی چین مینجمنٹ کے ذریعے فلوری کلچر کی مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن کی گنجائش موجود ہے۔ اس سے زرعی آمدنی میں اضافہ ہوگا، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور غربت کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹیکلچر ڈاکٹر احمد ستار نے کہا کہ فلوری کلچر سے فائدہ اٹھانے کی صلاحیت کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنا ہو گا۔

معیشت کو فروغ دینے کے لیے اس شعبے میں نئی ٹیکنالوجی کو اپنانے کی اہم ترین ضرورت ہے۔ این سی اسٹیٹ یونیورسٹی امریکہ کے ڈاکٹر جان ایم ڈول نے کہا کہ دورحاضر میں کنٹرولڈ ماحولیاتی زراعت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ قومی اکیڈمیوں کے اہداف کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ فصلوں کے پیداواری نظام میں غذائی اجزاء کے استعمال کی کارکردگی کو بڑھا رہے ہیں، مٹی کے نقصان کو کم کر رہے ہیں، پانی کے استعمال کو بہتر بنا رہے ہیں،پودوں اورجانوروں کی بیماریوں کی جلد تشخیص اور روک تھام کر رہے ہیں۔

نیدرلینڈ کے ڈرک ہوگرورسٹ نے پھولوں کی صنعت کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ ڈاکٹر افتخار علی نے کہا کہ نئی کٹ فلاور فصلیں کمرشل فلوریکلچر لیب نے متعارف کروائی ہیں جو کہ سستی، کم مدت اور کیڑوں اور بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت جیسی خصوصیات کی حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پھولوں کی صنعت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے تمام کاوشیں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی قائمہ کمیٹی برائے ماحولیات و فلوریکلچر کے کنوینر وحید خالق رامے نے کہا کہ جدید طریقوں کو اپنا کر پیداوار میں بے پناہ اضافہ کیا جا سکتا ہے۔