فیصل آباد،کاشتکاروں کوبہاریہ مکئی کی وٹوں پر کاشت کی صورت میں شرح بیج 8سے10کلوفی ایکڑ رکھنے کی ہدایت

منگل 25 فروری 2025 13:41

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2025ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد ڈاکٹر عامر صدیق نے کاشتکاروں کو بہاریہ مکئی کی وٹوں پر کاشت کی صورت میں شرح بیج8سے10کلوگرام اور ڈرل سے کاشت کی صورت میں 12سے15کلوگرام فی ایکڑ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بہاریہ مکئی کی منظور شدہ اقسام کی کاشت پنجاب کے تمام میدانی علاقوں میں 28 فروری تک، دیگر علاقوں میں 15مارچ تک اور راولپنڈی ڈویژن میں پہاڑی علاقوں کے علاوہ 20مارچ تک مکمل کر لی جائے تاکہ مکئی کی بمپر کراپ کا حصول ممکن ہو سکے۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار بہاریہ مکئی کی بھرپور پیداوار حاصل کرنے کے لئے مکئی کی منظور شدہ ہائبرڈ اقسام ایف ایچ 810، یوسف والا ہائبرڈ اور دوسری ہائبرڈ اقسام کی کاشت 15مارچ تک مکمل کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ مکئی کی منظور شدہ عام اقسام ساہیوال 2002، اگیتی 2002، ایم ایم آر آئی ییلو وغیرہ کی کاشت پنجاب کے تمام میدانی علاقوں میں 28فروری تک مکمل کرکے بہتر پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار بہاریہ مکئی کی کاشت کاٹن ڈرل، پلانٹر، پور یا کیرا سے بھی کرسکتے ہیں جس کےلئے قطاروں کا درمیانی فاصلہ سوا سے اڑھائی فٹ ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار بہاریہ مکئی کی ہائبرڈ اقسام کو شمالاً جنوباً بنائی گئی وٹوں کی ڈھلوان پر پانی لگانے کے بعد 6سے8انچ کے فاصلے پرکاشت کریں۔