حکومت کاشتکاروں کو معیاری اور مستند بیج کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے، سید عاشق حسین کرمانی

منگل 25 فروری 2025 23:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2025ء) صوبائی وزیر زراعت ،لائیو سٹاک و چیئرمین پنجاب سیڈ کونسل سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت ایگریکلچر ہاوس لاہور میں پنجاب سیڈ کونسل کا 60 واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں پارلیمانی سیکرٹری زراعت اسامہ خان لغاری اور سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے شرکت کی۔اجلاس میں گندم کی5 نئی اقسام چیمپئن،فلک،سویرا،وفاق اور چناب کے بیجوں کی منظوری دی گئی۔

کپاس کی 5 نئی اقسام تارا،ایف ایچ 416،نجبی پی ایف،سی ای ایم بی۔ اے اے ایس 3،آلو کی 4 نئی اقسام جبکہ دھان کی 6نئی اقسام کی منظوری دی گئی۔ اس موقع پرصوبائی وزیر زراعت ،لائیو سٹاک اور چیئرمین پنجاب سیڈ کونسل سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی قیادت میں حکومت کاشتکاروں کو معیاری اور مستند بیج کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے،کسانوں کو جعلی اور ملاوٹ شدہ بیج سے نجات دلانا اور فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پنجاب سیڈ کونسل کو ہدایت کی کہ آئندہ ایسی کسی ورائٹی کی منظوری نہیں دی جائے گی جو پہلے سے مارکیٹ میں موجود ہو گی۔صوبائی وزیر نے کپاس کی تمام اقسام کو شارٹ لسٹ کرنے اور ٹاپ 3اقسام کو پیش کرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔سید عاشق حسین کرمانی نے مزید کہا کہ وہ اصلاحاتی ایجنڈا کے تحت پنجاب سیڈ کارپوریشن کی بہتری کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے،تمام کام میرٹ پر کئے جانے چاہئیں۔

انہوں نے پنجاب سیڈ کونسل کا اجلاس اگلے ماہ مارچ میں بلانے اور مستقبل میں ہر تین ماہ بعد منعقد کرنے کی ہدایت کی۔سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے اس موقع پر کہا کہ بیج کے کاروبار میں پرائیویٹ سیکٹر کا کلیدی کردار ہے،کوئی بھی پالیسی پرائیویٹ سیکٹر کی عدم موجودگی میں بنانا زرعی شعبہ کے مفاد میں نہیں۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ریسرچ ساجد الرحمن،ریجنل ڈائریکٹر فیڈرل سیڈ سرٹیفیکیشن محمد شفیق،ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر شمشاد اصغر وڑائچ،ڈائریکٹر جنرل زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں،پنجاب سیڈ کونسل کے ممبران،سائنسدانوں اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :