پنجاب سیڈ کونسل کی کپاس کی نئی قسم بی ٹی سی آئی ایم 990 کی منظوری

بدھ 26 فروری 2025 19:10

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2025ء) پنجاب سیڈ کونسل کے 60ویں اجلاس میں سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ (سی سی آر آئی) ملتان کی تیار کردہ کپاس کی نئی قسم بی ٹی سی آئی ایم 990 کی منظوری دے دی گئی۔ صوبائی وزیر زراعت پنجاب عاشق کرمانی کی زیر صدارت اجلاس میں منظوری دی گئی۔ لاہور میں منعقدہ اجلاس میں زراعت اور کپاس سے وابستہ ماہرین نے شرکت کی۔

بی ٹی سی آئی ایم 990کم پانی میں بہترین پیداوار دینے کی صلاحیت رکھتی ہے اور وائرس کے خلاف اعلیٰ مدافعتی نظام کی حامل ہےجو اسے موسمی کاشت کے لیے کپاس کے کاشتکاروں کے لیے ایک مثالی انتخاب بناتی ہے۔ لمبے قد کی حامل اس ورائٹی کی پیداواری استعداد 50 تا 55 من فی ایکڑ ہے اور یہ اگیتی کاشت کے لیے بھی موزوں ہے۔پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی (پی سی سی سی) کے نائب صدر ڈاکٹر یوسف ظفر نے اس اہم سنگ میل پر سی سی آر آئی ملتان کے زرعی سائنسدانوں، خصوصاً شعبہ پلانٹ بریڈنگ اینڈ جینیٹکس کی ٹیم کو مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نامساعد مالی حالات کے باوجود پی سی سی سی نے اپنی کامیا بیوں کا تسلسل برقرار رکھا ہے اور یہ کامیابی پوری ٹیم کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔پی سی سی سی اورسی سی آر آئی ملتان کی یہ کامیابی ملکی کپا س کی صنعت کے استحکام اور ترقی کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ ڈائریکٹر سی سی آر آئی ملتان، ڈاکٹر نوید افضل نے بھی اس کامیابی پر خو شی کا اظہار کرتے ہوئے شعبہ پلانٹ بریڈنگ اینڈ جینیٹکس کے سربراہ ڈاکٹر محمد اکبر اور ان کی ٹیم کو خصوصی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ورائٹی کپاس کی پیداوار میں اضافے کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں کے لیے زیادہ فائدہ مند ثابت ہوگی۔