صحافی معاشرتی برائیوں کے خاتمہ اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے کام کررہے ہیں ،آغا ایوب شاہ

جمعرات 27 فروری 2025 19:05

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2025ء)آل سندھی پٹھان اتحاد سندھ کے چیئرمین آغا سید محمد ایوب شاہ نے کہا ہے کہ صحافی معاشرتی برائیوں کے خاتمہ اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے بلا خوف و خطر اپنے فرائض ذمے داری اور احسن طریقہ سے سر انجام دے رہے ہیں تاکہ مظلوموں کی آواز بن کر ان کے دکھوں کا مداوا کرسکیں، معاشرتی برائیوں کی عکاسی اور اسکے خاتمے کے لیے میڈیا کا کردار قابل ستائش ہے، فوٹو گرافر ہو یا کیمرہ مین شہری مسائل سمیت معاشرتی برائیوں کے لیے کام کرکے انسانیت کی خدمت کررہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سکھر پریس کلب میںاپنے وفدکے ہمراہ کیمرہ مین اینڈ فوٹو جرنلسٹ ایسوسی ایشن ( پریس کلب ) سکھر کے دفتر میں صدر جاوید گھنیوو دیگر ممبران سے گفتگو کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کیمرہ مین اینڈ فوٹو جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے اشفاق کھوسہ ، ابراہیم سومرانی ،سجاد سنجرانی ، عمران شیخ ، سکندر چاچڑ، صحافی اسحاق کھوسہ جبکہآل سندھی پٹھان اتحاد سندھ کے نائب صدر حاجی محمد خان ، سیکریٹری جنرل وزیر خان ، ایگزیکٹیو ممبر ، سید عبداللہ شاہ و دیگر موجود تھے ، آل سندھی پٹھان اتحاد سندھ کے چیئرمین آغا سید محمد ایوب شاہ کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ دور میں مثبت اور تعمیری صحافت کرنا بڑا کٹھن اور مشکل کام ہوچکا ہے۔

صحافیوں کو حق و صداقت کا علم بلند کرنے میں بڑے مسائل اور مشکلات کا سامنا ہے مگر صحافی ان حالات کے باوجود اپنے قلم کے ذریعے ظلم جبر اور معاشرے کے مکروہ کرداروں کو بے نقاب کرنے کے لیے ایمانداری کے ساتھ اپنے صحافتی فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ کیمرہ مین اور فوٹو گرافرزکو صحافتی خدمات پر سلام پیش کرتے ہیں اور یقین دلاتے ہیں آزادی صحافت کی جدوجہد میںآل سندھی پٹھان اتحاد سندھ ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ کیمرہ مین اینڈ فوٹو جرنلسٹ ایسوسی ایشن سکھر کے دفتر میں صدر جاوید گھنیوو دیگر ممبران نے وفد کا شکریہ ادا کیا۔