ماہرین زراعت کی باغبانوں کو سیب کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے استفادہ کی ہدایت

جمعہ 28 فروری 2025 13:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2025ء) جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین اثمار نے باغبانوں کو سیب کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے استفادہ اور پیوند کاری کا عمل چھوٹے روٹ سٹاک کے ذریعے مارچ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اورکہاہے کہ چونکہ سیب کی افزائش نسل بذریعہ پیوندکاری کی جاتی ہے اور عمومی طور پر چھوٹے سیب کے زیر بچے دسمبر میں اکھاڑ کر نرسری میں لگا دیئے جاتے ہیں جو فروری کے ۱ٓخر و مارچ میں پیوندکاری کے قابل ہو جاتے ہیں نیز چھوٹے سیب کاروٹ سٹاک بذریعہ بیج بھی تیار کیاجاتاہے اور سیب میں کلفٹ گرافٹنگ اور ٹی بڈنگ کے ذریعے صحیح النسل پودے کامیابی سے تیار کئے جاتے ہیں اور کلفٹ گرافٹنگ فروری کے آخر میں جبکہ ٹی بڈنگ مون سو ن کی بارشوں کے بعد کرنے کے مثبت نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

باغبانوں کے نام پیغام میں انہوں نے کہا کہ موسم بہارکورے سے پاک ہونے اور مارچ میں خوابیدگی توڑنے سمیت پھول لانے کیلئے سیب کے پودے کو 7ڈگری سینٹی گریڈ سے کم درجہ حرارت کے ایک ہزار سے 1500 گھنٹے پرمحیط چلنگ آورز درکار ہوتے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ سیب کے پودے کو مجموعی طورپر سالانہ 100 سے 150 سینٹی میٹر بارش کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگرچہ سیب میرازمین سے لے کر چکنی اقسام کی زمینوں میں کاشت کیا جاسکتاہے مگر بہتر پیداوار کیلئے ذرخیز میرا زمین کاانتخاب کرناچاہیے جس میں پانی جذب کرنے کی بھرپور صلاحیت، ہوا کا بہترین نکاس اور نامیاتی مادے وافرمقدار میں موجود ہونے کے علاوہ زمین کی پی ایچ کی حد 5.5 سے 6.5 تک ہو اورزمین سخت جبکہ زیر زمین تہہ سیم کے مسائل سے پاک ہو۔

انہوں نے کہاکہ باغبان مزید رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت کی خدمات سے استفادہ کرسکتے ہیں۔