پاکستانی تاجروں کیلئے اومان میں برآمدات بڑھانے کے بے شمار مواقع ہیں، نوید صفدر بخاری

اتوار 2 مارچ 2025 12:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مارچ2025ء) اومان میں پاکستان کے سفیر نوید صفدر بخاری نے کہا ہے کہ پاکستانی تاجروں کے لیے اومان کے ساتھ تجارت و تعاون کے فروغ، مشترکہ منصوبوں، سرمایہ کاری اور برآمدات بڑھانے کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ اتوار کو یہاں پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اومان اپنے محل وقوع اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول کی وجہ سے پاکستانی تاجروں کے لیے انتہائی مثالی منزل ہے اور وہ خلیجی ریاستوں اور اس سے بھی آگے اپنی رسائی کو بڑھانے کے لیے ان مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

انہوں نے علاقائی اور بین الاقوامی منڈیوں میں پاکستان کی برآمدات بڑھانے کے لیے اومان کی بندرگاہوں اور لاجسٹک انفراسٹرکچر سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا اور کاروباری وفود کو سہولیات فراہم کرنے، تجارتی میلوں کے انعقاد اور سرمایہ کاروں کو ضروری رہنمائی فراہم کرنے میں سفارتخانے کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

(جاری ہے)

سفیر نوید صفدر بخاری نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت و تعاون کے غیر استعمال شدہ پوٹینشل کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ میاں کاشف اشفاق نے پاکستانی تاجروں کو اومان کی مارکیٹ کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے، تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے اور برآمدات کے مواقع تلاش کرنے کے لیے انہیں اومان مدعو کرنے پر سفیر پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔