جنوبی پنجاب سے غذائی مصنوعات اور اسنیکس کے تاجروں کے وفد کو چین سے زبردست رسپانس ملا ہے، شاہد عمران

اتوار 2 مارچ 2025 12:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مارچ2025ء) جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے غذائی مصنوعات اور اسنیکس کے تاجروں کے وفد کو چینی ہم منصبوں کی جانب سے زبردست رسپانس ملا ہے۔ وفد ان دنوں چین کے 10 شہروں کے 10روزہ دورے پر ہے۔ اتوار کو چین سے یہاں موصول ہونے والے ایک پیغام کے مطابق وفد کے سربراہ اور ایف پی سی سی آئی کی علاقائی کمیٹی برائے خوراک کے کنوینر شاہد عمران نے کہا کہ فوڈ انٹرپرینیورز اور ایکسپورٹرز کے وفد کے دورے کا مقصد دو طرفہ تجارتی روابط کو مضبوط بنانا اور چینی مارکیٹ میں پاکستانی فوڈ پراڈکٹس کے لیے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفد کا چین میں بڑے جوش و خروش سے استقبال کیا گیا اور چینی درآمد کنندگان اور کاروباری اداروں نے پاکستانی غذائی مصنوعات بالخصوص اسنیکس کے اعلی معیار اور منفرد ذائقوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے، چین میں انتہائی مثبت بزنس ٹو بزنس میٹنگز جا ری ہیں اور وفد ممکنہ خریداروں اور تقسیم کاروں کے ساتھ نیٹ ورکنگ میں سرگرم عمل ہے۔

(جاری ہے)

تجارتی عمل کو ہموار، محصولات میں کمی اور پاکستان سے غذائی برآمدات کے فروغ کے لیے لاجسٹکس کو بہتر بنانے میں بھی پیش رفت ہوئی ہے۔ شاہد عمران نے کہا کہ چین میں پاکستانی اسنیکس کی بڑھتی ہوئی مانگ بہت حوصلہ افزا ہے اور زرعت و خوراک کے شعبوں میں تجارت کے فروغ کے امکانات بہت روشن ہیں۔ وفد کے دورے سے جنوبی پنجاب کی فوڈ انڈسٹری بالخصوص سنیکس کے لیے نئی راہیں کھلنے کی توقع ہے جس سے برآمدات میں اضافہ ہوگا اور چینی کاروباری اداروں کے ساتھ طویل مدتی شراکت داری کو فروغ ملے گا۔