اسپتال میں کام کرنے والے ڈیلی ویجز ملازمین تنخواہیں نہ ملنے کے باعث رمضان کے مقدس مہینے میں مشکلات کا شکار ہیں، اشرف خان بوزئی

اتوار 2 مارچ 2025 20:40

1حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مارچ2025ء) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے صوبائی جنرل سیکریٹری اور یونائیٹیڈ لیبر فیڈریشن کے مرکزی جوائنٹ سیکریٹری اشرف خان بوزئی نے صوبائی وزیر صحت ، چیف سیکریٹری سندھ اور سیکریٹری ہیلتھ ، ڈی جی نیب ، ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ سول اسپتال حیدرآباد میں ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے ملازمین کی تنخواہوں کی رقم میں خوردبرد کرنے اور ملازمین کو چار سے پانچ ماہ کی تنخواہیں اد انہ کرنے کی تحقیقات کرکے ہسپتال کے جونیئر ڈاکٹر آفتاب پھل کو برطرف کیا جائے۔

انہوںنے کہاکہ 15سو سے زائد ڈیلی ویجز ورکرز کو سول اسپتال حیدرآباد میں ٹھیکیداری نظام کے تحت چلایا جارہا ہے ، حکومت کی مقرر کردہ تنخواہ 37ہزار روپے تنخواہ دینے کے بجائی10سے 12ہزار روپے تنخواہ دی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اسپتال میں کام کرنے والے ڈیلی ویجز ملازمین تنخواہیں نہ ملنے کے باعث رمضان کے مقدس مہینے میں مشکلات کا شکار ہیں جس فرم کو ان ملازمین کی ٹھیکیداری دی گئی ہے اس کے پاس اسپتال کے منافع بخش چار مزید ٹھیکے ہیں ان کی بھی تحقیقات کی جائے ۔

ادویات کی خریداری اور جن فرموں کو مختلف ٹھیکے دیئے گئے ہیں ان کا مکمل غیرجانبدارانہ آڈٹ کرایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ اسپتال میں مریضوں کو یا تو ادویات دی نہیں جاتی یا پھر غیر معیاری ادویات دی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت سندھ میں صحت کی بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی کے دعوے تو کرتی ہے لیکن سول اسپتال حیدرآباد اس وقت لوٹ مار اور کرپشن کا گڑھ بنا ہوا ہے۔