سوات ، ڈی رمضان المبارک کیلئے سیکیورٹی پلان تشکیل

ضلع بھر میں 1500 سے زائد پولیس افسران و جوانان سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات

اتوار 2 مارچ 2025 20:50

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مارچ2025ء)سوات میں ڈی رمضان المبارک کیلئے سیکیورٹی پلان تشکیل دیدیا گیا ،ضلع بھر میں 1500 سے زائد پولیس افسران و جوانان سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کردیے گئے۔ ڈی پی او سوات ناصر الملک کے مطابق رمضان المبارک میں سیکیورٹی انتظامات کو فل پروف بنانے کے لیے ابابیل سکواڈ، سپیشل رائیدرز، کوئیک رسپانس فورس اور مقامی پولیس کی موبائل سکواڈ ہمہ وقت حساس مقامات کی نگرانی میں مصروف عمل رہیں گے۔

سوات پولیس سحر و افطار کے اوقات میں فرائض انجام دینے کیساتھ ساتھ مرکزی بازاروں، تراویح کے اوقات میں مساجد اور اہم و حساس مقامات پر بھی پولیس جوان سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کا سلسلہ بڑھاتے ہوئے پولیس گشت میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈی پی او سوات ناصر محمود نے عوام کے نام پیغام دیتے ہوئے کہا کہ سوات پولیس ہر قسم سیکیورٹی ڈیوٹی اور عوام کے خدمت کے لئے ہر دم تیار ہیں، رمضان المبارک کے رحمتوں اور بابرکت مہینے میں عوام الناس کے جان ومال کے تحفظ ہمارا عزم ہیں، عوام دوست ماحول میں فوری طور پر قانونی خدمات کے لیے سوات پولیس اپنی تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہیں تاکہ عوام اس بابرکت مہینے میں بلا کسی جھجک اور یکسوئی کے ساتھ اپنی عبادات اور خریداری کرسکیں، انہوں نے کہا کہ ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لیے جملہ رش والی مقامات پر ٹریفک وارڈن پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کے خادم ہے پولیس عوام کیساتھ عوام دوست ماحول،عاجزی اور احترام سے پیش آئیں گی لہذا عوام سے بھی گزارش ہے کہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں سے تعاون کریں۔ ڈی پی او سوات ناصر محمود نے سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور تمام پولیس افسران و اہلکاران کو رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو پر سکون ماحول مہیا کرنے، اپنے فرائض منصبی کو عوامی امنگوں کے عین مطابق استعمال کرنے اور اس مقدس مہینے کے لیے پہلے سے تشکیل کردہ سیکیورٹی پلان پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔