جماعت اسلامی کا ریلوے کیلئے10 سالہ منصوبہ کے تحت10 ارب ڈالر مختص کرنےکا مطالبہ

حکومت ادارے کی بحالی پر توجہ سے قومی معیشت بحال ہوجائے گی، ریلوے مزدوروں کو لاوارث نہیں چھوڑیں گے، ریلوے کو جاپان، ہانگ کانگ کی طرز پر چلایا جائے، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیرالعظیم

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 14 اکتوبر 2025 18:53

جماعت اسلامی کا ریلوے کیلئے10 سالہ منصوبہ کے تحت10 ارب ڈالر مختص کرنےکا ..
لاہور( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 14 اکتوبر 2025ء ) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیرالعظیم نے کہا ہے کہ حکومت دس سالہ منصوبہ کے تحت پاکستان ریلوے کے لیے دس ارب ڈالرمختص کرے۔ادارے کی بحالی پر توجہ دی جائے تو قومی معیشت بھی بحال ہوجائے گی۔ جماعت اسلامی ریلوے مزدور کو کبھی لاوارث نہیں چھوڑے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے پریم یونین کے دفتر کے دورہ کے موقع پر مرکزی صدر پریم یونین شیخ محمد انور سے ملاقات کے دوران کیا۔

عاطف رزاق عاطف، عمران علی، ملک ندیم، نجیب، محسن علی، ندیم احمد و دیگر کارکنان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ امیر العظیم نے کہا کہ ریلوے ملک کا اہم ترین دفاعی، فلاحی اور رفاحی ادارہ اور وحدت کی علامت ہے۔

(جاری ہے)

عوام کو سہولیات فراہم کرنے والا یہ ادارہ حکومت کی عدم توجہ کی وجہ سے تنزلی کا شکار ہے، مزدور نہیں 78سال سے مسلط حکمران اس تنزلی کے ذمہ دار ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب اور بلوچستان میں ہونے والی دہشتگردی کی وجہ سے ریلوے کو اربوں روپے کا نقصان اُٹھانا پڑا ہے۔ حکمران موٹرویز، ہائی ویز اور اورنج لائن کی طرح ریلوے کو بھی اپنی ترجیحات میں شامل کرے۔ ریلوے کو فنڈز نہ ملنے کی وجہ سے کوچز اور ٹریک تباہ ہورہا ہے جس کے نتیجے میں آئے روز حادثات ہورہے ہیں۔ ریلوے کو جاپان، ہانگ کانگ کی طرز پر چلانا پڑے گا۔

خالی زمینوں پر ملٹی نیشنل کمپنیوں سے مل کر ٹاور قائم کیے جائیں۔ ریلوے کے ہسپتالوں، سکولوں اور کالونیوں کو اپ گریڈ کرنا چاہیے۔ ترقی ہمیشہ جہد مسلسل سے ملتی ہے۔
امیرالعظیم نے کہا کہ جماعت اسلامی ریلوے مزدوروں اور پریم یونین کی پُشتی بان ہے۔ اجتماع عام کے بعد ریلوے کا قومی سطح کا پروگرام کریں گے جس سے امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن خطاب کریں گے۔
امیرالعظیم نے کہا کہ نومبر2025ء میں جماعت اسلامی کے اجتماع عام کے موقع پر ملک بھر سے قافلے آئیں گے۔ پریم یونین اُن کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کی کوشش کرے۔