سول سوسائٹی فورم کا گلمرگ میں پانی کے بحران اور دیگر مسائل پراظہارتشویش

پیر 3 مارچ 2025 22:02

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مارچ2025ء)غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں سول سوسائٹی فورم اور جموں و کشمیر پنشنرز یونائیٹڈ فرنٹ نے عبدالقیوم وانی کی زیر صدارت میں گلمرگ اورٹنگمرگ کے خطے میں پانی کے بڑھتے ہوئے بحران، ماحولیاتی انحطاط اور روزگار کے فقدان پر شدید تشویش کا اظہار کیاہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انہوں نے ایک اجلاس میںکہا کہ وسائل کے استحصال اور ناقص پالیسیوں سے ماحولیات اور مقامی کمیونٹیز کے ذرائع معاش کو خطرہ لاحق ہے۔

اجلاس میں ناقابل تلافی نقصان کو روکنے کے لیے فوری اصلاحی اقدامات کا مطالبہ کیاگیا۔اجلا س میں کہاگیاکہ رواں سال پانی کی شدید قلت چشم کشاہے۔اجلاس میں کہاگیاکہ نالہ فیروز پورہ سے پانی کی ضرورت سے زیادہ اور اندھا دھندمنتقلی سے مقامی دیہاتوں کے لیے پینے کے پانی کی قلت پید اہوئی اوریہ آبپاشی کے نقصانات کا باعث بنی ۔

(جاری ہے)

اس اہم منبع سے پانی کی اندھا دھندمنتقلی فوری طور پر بند ہونی چاہیے۔

اجلاس کے شرکانے کہا کہ کوئی اضافی پائپ لائن نہیں لگائی جانی چاہیے اور مقامی آبادی اور مقامی کسانوں کے لیے پانی کی دستیابی کو یقینی بنانا چاہیے۔شرکانے کہا کہ ٹنگمرگ اور گلمرگ کے درمیان سڑک ماحولیاتی لحاظ سے ایک نازک کوریڈور ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیریلا دھواں خارج کرنے والی ڈیزل گاڑیوں کی نقل و حرکت نے ہوا کے معیار اور قدرتی ماحول کو کافی نقصان پہنچایا ہے۔

خطے کی حفاظت اور روزگار فراہم کرنے کے لیے ہم تجویز کرتے ہیں کہ اس راستے پر دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں پر مکمل پابندی لگائی جائے، مقامی نوجوانوں کے لیے سبسڈی والی الیکٹرک گاڑیاں فراہم کی جائیں تاکہ وہ ٹرانسپورٹ سروس چلاسکیں۔جے کے سی ایس ایف اور جے کے پی یو ایف نے مقامی نوجوانوں کو الیکٹرک گاڑیاں فراہم کرنے کے لیے سبسڈی کی اسکیم شروع کرنے، برف کی صفائی میں نقصان دہ کیمیکلز کے استعمال کو روکنے ، پانی کے ذخائر کی حفاظت کو یقینی بنانے اور طویل مدتی ماحولیاتی اور اقتصادی استحکام کے لئے پائیدار سیاحتی پالیسیاں اختیار کرنے کا مطالبہ کیا۔