ایف پی سی سی آئی میں پاکستان ایتھوپیا بزنس فورم کا کامیاب انعقاد،ایتھوپیئن سفیر ڈاکٹر جمال بکر عبداللہ کی خصوصی شرکت

بدھ 5 مارچ 2025 13:32

ایف پی سی سی آئی میں پاکستان ایتھوپیا بزنس فورم کا کامیاب انعقاد،ایتھوپیئن ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مارچ2025ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) نے ایتھوپیا کے سفارت خانے کے اشتراک سے ایف پی سی سی آئی کے ریجنل آفس، لاہور میں پاکستان-ایتھوپیا بزنس فورم کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ترجمان کے مطابق اس فورم کی صدارت ایتھوپیا کے پاکستان میں سفیر ڈاکٹر جمال بکر عبداللہ نے کی۔

اس موقع پر وزارت تجارت، ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈیپ) اور ایف پی سی سی آئی کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔ فورم میں عبد الکریم میمن، ڈائریکٹر جنرل ٹی ڈیپ، ابراہیم خالد تواب، چیئرمین پاکستان-ایتھوپیا بزنس کونسل (ایف پی سی سی آئی)، منظور الحق ملک، سابق ریجنل چیئرمین و نائب صدرایف پی سی سی آئی اور مسٹر موکونن ہیلو، سینئر انویسٹمنٹ پروموشن ٹیم لیڈ، ایتھوپین انویسٹمنٹ کمیشن نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

پنجاب کے 26 تجارتی چیمبرز کے نمائندوں نے اس فورم میں بھرپور شرکت کی۔یہ تقریب پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان کلیدی تجارتی مواقع پر تبادلہ خیال کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوئی، جس میں خاص طور پر 5ویں پاکستان-افریقہ ٹریڈ ڈیولپمنٹ کانفرنس اور سنگل کنٹری ایگزیبیشن پر گفتگو کی گئی، جو مئی 2025 میں ایتھوپیا کے دارالحکومت، ادیس ابابا میں منعقد ہوں گی۔

جمال بکر نے پاکستان کی کاروباری برادری کو افریقہ میں نیٹ ورک بنانے کے لیے ایتھوپیا کے ذریعے روابط قائم کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا افریقی براعظم کا گیٹ وے ہے اور یہ خطہ مستقبل میں کاروبار، تجارت اور سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع کا مرکز بننے جا رہا ہے۔سفیر نے پاکستانی کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ ادیس ابابا میں ہونے والی سنگل کنٹری ایگزیبیشن کا حصہ بنیں، کیونکہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

سابق ریجنل چیئرمین و نائب صدرمنظور الحق ملک، نے اپنے خطاب میں دو طرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ میں اس فورم کی اہمیت کو اجاگر کیا اور مشرقی افریقہ میں پاکستانی کاروباری اداروں کے لیے نئے مواقع کی سہولت کاری کے حوالے سے ایف پی سی سی آئی کے عزم کا اعادہ کیا۔