مقبوضہ کشمیر، بی جے پی حکومت کشمیری نوجوانوں کو منشیات کے استعمال کی لت میں مبتلا کر رہی ہے ، معراج ملک

کشمیری نوجوانوں کو منشیات سمیت سماجی برائیوں سے بچانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے،رکن اسمبلی

جمعہ 7 مارچ 2025 18:04

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مارچ2025ء)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں عام آدمی پارٹی کے رہنما اور ڈوڈہ سے رکن اسمبلی معراج ملک نے کہا ہے کہ ہندوتوا بی جے پی حکومت مقبوضہ علاقے میں نوجوانوں کو شراب سمیت منشیات کی لت میں مبتلا کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق معراج ملک نے کشمیر اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت نے کشمیری نوجوانوں کو حق پر مبنی جدوجہد آزادی سے دور کرنے اور منشیات کے استعمال کی لت میں مبتلا کرنے کیلئے مقبوضہ علاقے میں شراب کی دکانوں کاجال بجھا دیا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری نوجوانوں کو منشیات سمیت سماجی برائیوں سے بچانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے شراب سمیت ہر قسم کی منشیات کے استعمال پر سخت پابندی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے سپیکر پر کشمیر میں شراب پر فوری پابندی عائدکرنے اور منشیات کے خلاف سخت پالیسی کے نفاذ پر زوردیا۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر کی زیرقیادت قابض انتظامیہ پرکڑی تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیاکہ ان کے دور میں جموںو کشمیر میں بڑی تعداد میں شراب کی دکانیں کھولی گئی ہیں ۔