محکمہ زراعت کی کارروائی : ایک کروڑ 16 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی جعلی کھادیں برآمد،ایک ملزم گرفتار

ہفتہ 8 مارچ 2025 19:08

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مارچ2025ء) محکمہ زراعت توسیع کی کارروائی،ایک کروڑ 16 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی جعلی کھادیں برآمد کرکے ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی ہدایت پر جعلی زرعی مداخل کی تیاری و خریدو فروخت میں ملوث عناصر کیخلاف بلا تفریق کریک ڈاؤن جاری ہے۔

اس سلسلہ میں محکمہ زراعت توسیع ملتان کی ٹیم نے پولیس کے ہمراہ  ہفتہ کویہاں سدرن  بائی پاس کے قریب واقع کھاد کے ایک غیرقانونی گودام پر چھاپہ مارا ۔دوران چھاپہ ٹیم نے گودام سے ایک کروڑ  16 لاکھ 64 ہزار روپے سے زائد مالیت کے جعلی ایس او پی کھاد کے365 بیگ اور ایم او پی کھاد کے 597 بیگ برآمد کر کے ملوث ملزم  راحیل رفیق کو گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

ملزم جعلی کھادیں تیارکرکے مارکیٹ میں فروخت کررہا تھا۔

مذکورہ جعلی کھادوں کو قبضہ میں لے کر حوالہ پولیس کردیا گیا ہے۔موقع سے برآمد ہونے والے جعلی مٹیریل کے نمونہ جات تجزیہ کیلئے لیبارٹری بھجوا دئیے گئے ہیں جبکہ دوملزمان رانا محمد عارف(مالک گودام) اور گرفتار ملزم راحیل رفیق کیخلاف مقدمہ کے اندارج کیلئے تھانہ ممتاز آباد میں استغاثہ دائر کردیا گیا ہے۔محکمہ زراعت پنجاب زرعی مداخل میں ملاوٹ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے اصول پر عمل پیرا ہے۔

متعلقہ عنوان :