وزیر اعظم نے بہترین طرز حکمرانی اور نتیجہ خیز پالیسیوں کے ذریعے معیشت کی بحالی کے عمل کا آغاز کر دیا ہے، افتخار علی ملک

اتوار 9 مارچ 2025 11:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مارچ2025ء) سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے بہترین طرز حکمرانی اور سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیتے ہوئے عہد ساز، منصفانہ اور نتیجہ خیز پالیسیوں کے ذریعے معیشت کی بحالی کے عمل کا آغاز کر دیا ہے۔ اتوار کو اپنے بیان میں انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کی بزنس ٹائیکونز کے ساتھ حالیہ براہ راست ملاقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ معیشت کو مضبوط بنانے، سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اور خوشحال مستقبل کے لیے ان کے وژن کی عکاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے ملک میں گڈ گورننس کا ایک نیا معیار قائم کیا ہے جس کی بنیاد کاروبار کرنے میں آسانیوں پر ہے،ان اقدامات سے مقامی بزنس کمیونٹی کو بااختیار بنانے اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کاروبار کے لیے دوستانہ ماحول کو فروغ دینے کے لیے حکومت نے بنیادی ڈھانچے، توانائی اور ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی ہے، دیرینہ سٹرکچرل چیلنجز سے نمٹنے، ریگولیٹری فریم ورک کو ہموار کرنے اور پالیسی میں تسلسل کو یقینی بنا کر حکومت نے پائیدار اقتصادی ترقی کی بنیاد رکھ دی ہے۔

افتخار علی ملک نے کہا کہ بین الاقوامی سرمایہ کاری کے مرکز کے طور پر پاکستان کو متعارف کرانے کے لیے وزیر اعظم کے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، ان کوششوں کے نتیجے میں میکرو اکنامک ماحول، بزنس کمیونٹی کے اعتماد کی بحالی، طویل مدتی اقتصادی استحکام اور مالیاتی انتظام میں بہتری کے علاوہ مہنگائی کو روکنے کے اقدامات سر فہرست ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور اہم سیکٹرز کے لیے خصوصی مراعات کے ذریعے زراعت، ٹیکنالوجی اور مینوفیکچرنگ کی صنعتوں کے لیے نئے مواقع فراہم کیے ہیں اور پاکستان کو بین الاقوامی مارکیٹ میں ایک مسابقتی کھلاڑی کے طور پر پیش کیا ہے۔